ناناپاٹیکر مرے نہیں؟تنوشری دتہ نےبالیووڈسپر اسٹار کی موت پر سوال اٹھادیئے

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کی موت اور ان کی آخری رسومات کے حوالے سے ایسے سوالات اٹھائے ہیں جنہوں نے بھارتی فلمی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

تنوشری نے انسٹاگرام لائیو کے دوران دعویٰ کیا کہ نانا پاٹیکر کی موت سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات میں کئی باتیں انہیں مشکوک محسوس ہوتی ہیں اور انہوں نے یہاں تک سوال کیا کہ آیا اداکار واقعی دنیا سے رخصت ہوئے یا یہ کسی قانونی کارروائی سے بچنے کی کوشش تھی۔

تنوشری دتہ کے مطابق نانا پاٹیکر کی آخری رسومات ان کے پونے کے قریب واقع فارم ہاؤس میں کی گئیں۔ آخری رسومات اتنی رات گئے کرنے کی کیا ضرورت تھی اور کیوں فلم انڈسٹری یا میڈیا کے لوگوں کو نانا پاٹیکر کے آخری دیدار کا موقع نہیں ملا۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نانا پاٹیکر کو اسپتال لے جانے، وہاں ان کی موت کی تصدیق اور پوسٹ مارٹم سے متعلق ایسی تصاویر یا ویڈیوز عام طور پر سامنے نہیں آئیں جن سے ان کے مطابق موت کی تفصیلات واضح ہوتیں۔

تنوشری نے مزید کہا کہ آخری رسومات کے دوران چہرہ ڈھکا ہوا تھا، جس کی بنیاد پر انہوں نے لاش کی شناخت پر بھی سوال اٹھایا۔

اداکارہ نے انتہائی غیر معمولی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے جس جسدِ خاکی کی آخری رسومات ادا کی گئیں وہ نانا پاٹیکر کا نہ ہو۔ اداکار شاید کسی قانونی معاملے یا تحقیقات سے بچنے کے لیے اپنی موت کا ڈراما کرکے بیرون ملک چلے گئے ہوں۔

تنوشری نے سنگاپور یا ملائیشیا میں ان کی موجودگی کا امکان بھی ظاہر کیا اور لاش کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا۔ تاہم ان دعوؤں کے حق میں انہوں نے کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا۔

تنوشری دتہ اور نانا پاٹیکر کے درمیان تنازع نیا نہیں۔ اداکارہ نے 2008 میں فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔ یہ معاملہ 2018 میں بھارت کی #MeToo تحریک کے دوران دوبارہ نمایاں ہوا۔ نانا پاٹیکر نے ان الزامات کی تردید کی تھی، جبکہ ممبئی پولیس نے 2019 میں شواہد کی کمی کی بنیاد پر کیس میں کلوزر رپورٹ جمع کرائی تھی۔

نانا پاٹیکر نے بعد میں بھی ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر الزام جھوٹا ہو تو غصہ کرنے کی وجہ نہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ جو واقعہ ہوا ہی نہیں، اس کے بارے میں وہ کیا وضاحت پیش کرسکتے ہیں۔

تنوشری کے حالیہ بیانات کے بعد بھارتی فلمی حلقوں میں بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض شخصیات نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ دیگر نے نانا پاٹیکر کی موت کے بعد اس طرح کے دعووں پر تنقید کی۔