مسک،ٹرمپ گٹھ جوڑ: امریکی وسط مدتی انتخابات سے پہلے ہزاروں ایرانی ایکس اکاؤنٹس معطل

واشنگٹن: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے نومبر میں ہونے والے امریکی مڈٹرم انتخابات سے قبل امریکی سیاسی مباحثے کو متاثر کرنے کی مبینہ کوششوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں اکاؤنٹس معطل کردیے۔

ایکس کی گلوبل گورنمنٹ افیئرز ٹیم کے مطابق پلیٹ فارم نے ایران، روس اور چین سے منسلک سمجھے جانے والے 3 مبینہ غیرملکی اثرانداز نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کی اور مجموعی طور پر 13 ہزار سے زائد اکاؤنٹس معطل کیے گئے۔

کمپنی کے مطابق ان نیٹ ورکس میں جعلی اکاؤنٹس کا استعمال کیا جارہا تھا، جن کے ذریعے سیاسی نوعیت کا مواد پوسٹ اور بڑے پیمانے پر پھیلایا جاتا تھا۔ مبینہ طور پر ان اکاؤنٹس کا مقصد امریکی سیاست سے متعلق گفتگو پر اثرانداز ہونا اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں اور عوامی شخصیات کو ہدف بنانا تھا۔

ایکس نے اپنے بیان میں کہا کہ پلیٹ فارم پر اسپیم نیٹ ورکس اور مبینہ اثرانداز کارروائیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے منظم اور غیر حقیقی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش جاری ہے، کیونکہ ایسی سرگرمیاں پلیٹ فارم کی سالمیت کو متاثر کرسکتی ہیں۔

تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ معطل کیے گئے 13 ہزار سے زائد اکاؤنٹس میں سے کتنے اکاؤنٹس ایران سے منسلک تھے۔ ایکس نے مبینہ ایرانی آپریشن کے حوالے سے بھی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا میں 3 نومبر کے مڈٹرم انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور سیاسی مباحثے میں سوشل میڈیا کے کردار پر بھی توجہ مرکوز ہے۔ ماضی میں بھی امریکی انتخابات کے دوران غیرملکی اثراندازی اور جعلی آن لائن نیٹ ورکس کے استعمال کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔

ایکس کے مطابق مختلف ممالک سے منسلک مشتبہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کا مقصد پلیٹ فارم پر مصنوعی سرگرمیوں اور مربوط طریقے سے سیاسی مواد پھیلانے کی کوششوں کو روکنا ہے۔