اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں کررہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشک اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر قوم کو فخر ہے۔


