بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید

راولپنڈی: بلوچستان کے اضلاع گوادر اور قلات میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے مبینہ ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔ کارروائیوں کا مقصد علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے ساتھ مقامی آبادی کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ موقع سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری تھے کہ ایک کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی قیادت میں آگے بڑھنے والی فورسز کی ٹیم دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کا نشانہ بن گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 34 سالہ میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید افسر کا تعلق لاہور سے تھا۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کا سراغ لگا کر اسے ختم کیا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمتِ عملی عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔