نیو یارک: آج کے ڈیجیٹل دور میں ہمارا گوگل اکاؤنٹ صرف ای میل بھیجنے یا وصول کرنے تک محدود نہیں، بلکہ اس میں ذاتی تصاویر، اہم دستاویزات، رابطوں اور دیگر آن لائن سروسز سے متعلق حساس معلومات بھی موجود ہوتی ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی نامعلوم شخص آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لے تو آپ کی نجی معلومات خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
بعض اوقات اکاؤنٹ میں مشکوک سرگرمی کی نشانیاں بھی سامنے آتی ہیں، مثلاً گوگل کے سینٹ فولڈر میں ایسی ای میلز ملنا جو آپ نے نہیں بھیجیں، گوگل ڈرائیو میں نامعلوم فائلیں نظر آنا یا کسی سروس کا پاس ورڈ تبدیل کرنے سے متعلق غیر متوقع ای میل موصول ہونا۔
اچھی بات یہ ہے کہ گوگل کی سیکیورٹی سیٹنگز کے ذریعے آپ معلوم کر سکتے ہیں کہ آپ کا اکاؤنٹ کن ڈیوائسز میں لاگ اِن ہے۔ اس کے لیے کسی اضافی ایپ کو انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔
گوگل اکاؤنٹ کن ڈیوائسز میں لاگ اِن ہے؟ ایسے کریں چیک
یہ معلوم کرنے کہ گوگل اکاؤنٹ کن ڈیوائسز میں لاگ اِن ہے ، بہت آسان ہے۔
پہلے گوگل اکاؤنٹ کھولیں، اپنے موبائل یا کمپیوٹر کے براؤزر میں مائے اکاؤنٹ ڈاٹ گوگل ڈاٹ کوم کھولیں اور اپنے گوگل اکاؤنٹ میں سائن اِن کریں۔اکاؤنٹ کھلنے کے بعد سیکیورٹی کے آپشن پر کلک کریں۔ یہاں آپ کو اکاؤنٹ کی حفاظت سے متعلق مختلف سیٹنگز ملیں گی۔
نیچے اسکرول کرکے یور ڈیوائسز اور پھر مینیج آل ڈیوائسز پر کلک کریں۔ یہاں ان ڈیوائسز اور سیشنز کی تفصیلات دیکھی جا سکتی ہیں جن میں آپ کا اکاؤنٹ سائن اِن ہے یا حال ہی میں استعمال ہوا ہے۔ دستیاب معلومات میں ڈیوائس کی قسم، ماڈل اور آخری سرگرمی کا وقت شامل ہو سکتا ہے۔
موبائل فون سے کیسے کریں چیک؟
اگر آپ اپنے فون سے اکاؤنٹ کی جانچ کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے جی میل یا گوگل ایپ کھولیں۔اوپر دائیں جانب اپنی پروفائل تصویر پر ٹیپ کریں۔ مینیج یور گوگل اکاؤنٹ منتخب کریں۔ جہاں سیکیورٹی سیکشن کھولیں۔
سیکیورٹی سیکشن کے یور ڈیوائسز میں مینیج آل ڈیوائسز پر ٹیپ کریں۔اب آپ اپنی ڈیوائسز اور اکاؤنٹ سیشنز کی فہرست دیکھ سکتے ہیں۔
کچھی نشانیاں نظرانداز نہ کریں
اگر آپ کو جی میل کے سینٹ فولڈر میں نامعلوم ای میلز، گوگل ڈرائیو میں ایسی فائلیں جنہیں آپ نے اپ لوڈ نہیں کیا یا پاس ورڈ تبدیل کرنے یا سائن اِن کرنے کی غیر متوقع سیکیورٹی اطلاع دیکھیں تو اکاؤنٹ کی سیکیورٹی ضرور چیک کریں
اہم بات: کسی نامعلوم شہر کا نام دکھائی دینے کا مطلب لازماً یہ نہیں کہ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔ انٹرنیٹ کنکشن، موبائل نیٹ ورک یا وی پی ایم کی وجہ سے لوکیشن مختلف دکھائی دے سکتی ہے۔ اسی طرح کسی پرانے ڈیوائس سیشن کا نظر آنا بھی ضروری نہیں کہ کوئی اس وقت آپ کا اکاؤنٹ استعمال کر رہا ہو۔
نامعلوم ڈیوائس نظر آئے تو کیا کریں؟
اگر کسی ڈیوائس یا سیشن پر شک ہو تو سب سے پہلے ڈیوائس یا سیشن کھول کر سائن آؤٹ کا آپشن منتخب کریں۔ایک مضبوط اور منفرد پاس ورڈ رکھیں، جو کسی دوسرے اکاؤنٹ کے لیے استعمال نہ کیا گیا ہو۔سائن اِن کے دوران اضافی تصدیق اکاؤنٹ کی حفاظت بڑھاتی ہے۔
اس کے علاوہ تھرڈ پارٹی ایپس کا جائزہ لیں۔ اور اپنے گوگل اکاؤنٹ سے منسلک ایپس اور سروسز میں کسی نامعلوم ایپ کی رسائی ختم کریں۔
اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی دوسرے شخص نے اکاؤنٹ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے تو گوگل کے اکاؤنٹ ریکوری طریقۂ کار سے بھی مدد لیں۔
گوگل اکاؤنٹ میں لاگ اِن ڈیوائسز کی جانچ کرنا ایک آسان مگر اہم سیکیورٹی قدم ہے۔ وقتاً فوقتاً مینیج آل ڈیوائسز میں جا کر اپنے سیشنز دیکھیں، مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری کارروائی کریں اور دو مرحلوں والی تصدیق فعال رکھیں۔


