سجاد علی کے گلوکار بھائی وقار علی پھیپھڑوں کا کینسر، مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار سجاد علی کے بھائی، معروف گلوکار اور موسیقار وقار علی اسٹیج 4 پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ وقار علی نے خود اس سنگین بیماری کی تشخیص کا انکشاف کرتے ہوئے مداحوں، دوستوں اور خیر خواہوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

وقار علی نے اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں حال ہی میں اسٹیج فور لنگ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی اور ان کے خاندان کے لیے زندگی کا ایک انتہائی مشکل مرحلہ ہے، تاہم وہ ایمان، حوصلے اور امید کے ساتھ ایک ایک دن گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی خبر دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا آسان نہیں ہوتا، لیکن وہ ان تمام لوگوں کو اس صورت حال سے آگاہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں جو برسوں سے ان کے سفر کا حصہ رہے ہیں اور جنہوں نے انہیں بے پناہ محبت اور حمایت سے نوازا ہے۔

وقار علی کے مطابق موسیقی ہمیشہ سے لوگوں کے ساتھ تعلق قائم کرنے اور اپنے جذبات دوسروں تک پہنچانے کا ذریعہ رہی ہے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کے دوران ملنے والی محبت اور پذیرائی پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام کے ذریعے لوگوں نے جو پیار دیا، وہ اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔

اپنے پیغام کے سب سے جذباتی حصے میں وقار علی نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ آنے والا کل کیا لے کر آئے گا، لیکن انہیں دعاؤں کی طاقت، ایمان کی مضبوطی اور اس احساس پر یقین ہے کہ بہت سے لوگ ان کی صحت یابی اور بہتری کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔

انہوں نے مداحوں اور تمام خیر خواہوں سے خصوصی درخواست کی کہ وہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔