کینیڈا کی شہریوں کو سفر کے لئے 2 سعودی ایئرپورٹس استعمال کرنے سے گریز کی ہدایت

اونٹاریو: کینیڈا نے سعودی عرب کے دو بڑے ہوائی اڈوں، ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کے سفر سے مکمل گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ انتباہ خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔

کینیڈا کی حکومت نے مسافروں کو پروازوں کی تازہ صورت حال معلوم کرنے، مقامی خبروں پر نظر رکھنے اور سفر سے پہلے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

حملوں کے بعد فضائی سفر متاثر

رپورٹس کے مطابق اکتوبر میں ریاض کے ہوائی اڈے پر ہونے والے حملوں کے بعد فضائی آپریشن متاثر ہوئے، جبکہ دمام کے ہوائی اڈے کو بھی خطرات کا سامنا رہا۔ سعودی حکام نے ریاض کے ہوائی اڈے پر 10 اکتوبر کے حملے کا الزام حوثی میزائل حملے پر عائد کیا تھا۔

کینیڈا نے سعودی عرب کے لیے بھی غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ سکیورٹی کی صورت حال میں اچانک تبدیلی کے باعث پروازیں منسوخ ہوسکتی ہیں یا فضائی حدود بند کی جاسکتی ہیں۔

مسافروں کے لیے اہم ہدایت

سعودی عرب جانے یا وہاں سے واپس آنے والے مسافروں کو اپنی پرواز کی تصدیق براہ راست ایئرلائن سے کرنی چاہیے اور سرکاری سفری ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ موجودہ حالات میں ہوائی اڈوں کی صورت حال تیزی سے تبدیل ہوسکتی ہے۔