سورو گنگولی کو جھٹکا: فلم دوسرا کی ریلیز روکنے کی درخواست مسترد

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر سورو گنگولی کو دہلی ہائی کورٹ سے جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے ان کی جانب سے فلم دوسرا کی ریلیز اور نمائش پر پابندی عائد کرنے کی درخواست پر فوری روک لگانے سے انکار کردیا ہے۔ فلم 23 اکتوبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

گنگولی نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ فلم میں ان کی قیادت 2002 کے نیٹ ویسٹ سیریز کے فائنل اور لارڈز کے میدان میں شرٹ اتار کر جشن منانے کے مشہور واقعے کا حوالہ دے کر ان کے شخصیت سے متعلق حقوق اور تجارتی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

سورو گنگولی کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ فلم بنانے کے لیے ان کے موکل سے نہ تو کوئی لائسنس لیا گیا اور نہ ہی ان کی اجازت حاصل کی گئی۔ ان کے مطابق، فلم سے گنگولی کے شخصیت سے متعلق حقوق متاثر ہوسکتے ہیں۔

وکیل نے یہ بھی کہا کہ گنگولی کی زندگی پر مبنی ایک بایوپک پہلے ہی زیرِ تیاری ہے اور فلم دوسرا کی تشہیر بھی ان کے نام اور شہرت سے جوڑ کر کی جارہی ہے۔ اسی بنیاد پر فلم کی ریلیز روکنے کی درخواست کی گئی۔

فلم سازوں کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دوسرا سورو گنگولی کی بایوپک نہیں ہے۔ ان کے مطابق، گنگولی سے متعلق بعض ویڈیو کلپس کے استعمال کے لیے ضروری اجازت پہلے ہی حاصل کی جاچکی ہے۔

فلم سازوں نے یہ دلیل بھی دی کہ 2002 کے نیٹ ویسٹ ون ڈے سیریز کی ویڈیو فوٹیج کی بنیاد پر کوئی کھلاڑی خود بخود شخصیت سے متعلق حقوق کی خلاف ورزی کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔ درخواست گزاروں نے ابھی تک فلم دیکھی بھی نہیں ہے، اس لیے ان کے اعتراضات خدشات اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔

دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس دنیش بھٹ کی سربراہی والے بنچ نے معاملے کی سماعت کے دوران کہا کہ ابتدائی طور پر سہولت کا توازن فلم کے پروڈیوسروں کے حق میں دکھائی دیتا ہے۔ اگرچہ درخواست گزار کے کچھ اہم حقوق ہوسکتے ہیں لیکن موجودہ مرحلے پر فلم کی ریلیز یا نمائش پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔

اس معاملے میں سورو گنگولی کے ساتھ پروڈکشن کمپنی لو فلمز ایل ایل پی بھی درخواست گزار ہے، جو سابق بھارتی کپتان کی زندگی پر مبنی بایوپک بنا رہی ہے۔

دوسرا کی کہانی

اداکار اور ہدایت کار ابھیشیک دیو کی ہدایت کاری میں بننے والی دوسرا ایک اسپورٹس ڈراما ہے۔ اس کی کہانی 1990 سے 2002 کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے سفر اور ایک نوجوان لڑکی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں راجستھان کے ایک قدامت پسند خاندان میں پرورش پانے والی لڑکی تاری کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ وہ سورو گنگولی کی قیادت اور ان کے باغیانہ انداز سے متاثر ہوکر اپنے خاندان اور سماج کی پابندیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا حوصلہ حاصل کرتی ہے۔ فلم میں حقیقی کرکٹ فوٹیج بھی استعمال کی گئی ہے۔