لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون 2026-27 کے فائنل کا مقام تبدیل کرتے ہوئے کراچی کے بجائے لاہور کے تاریخی باغِ جناح کرکٹ گراؤنڈ کو میزبان مقرر کر دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور مارخور آئی ٹی سلوشنز (ایم آئی ٹی ایس) کے درمیان پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون 2026-27 کا پانچ روزہ فائنل اب 25 اکتوبر کے بجائے 27 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
اس سے قبل پی سی بی نے ٹائٹل مقابلہ کراچی کے ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق، پی سی بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وینیو کی تبدیلی کے پیچھے کوئی مخصوص کرکٹنگ وجہ نہیں، بلکہ باغِ جناح کی تاریخی اہمیت اور فرسٹ کلاس کرکٹ کے شاندار ماضی کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔
قیامِ پاکستان سے قبل لارنس گارڈنز کے نام سے پہچانے جانے والے لاہور کے باغِ جناح کا شمار ملک کے تاریخی کرکٹ میدانوں میں شمار ہوتا ہے۔ شہر کے وسط میں واقع یہ گراؤنڈ برصغیر میں کرکٹ کی طویل تاریخ کا اہم حصہ رہا ہے۔
باغِ جناح میں آخری مرتبہ فرسٹ کلاس کرکٹ نومبر 2005 میں کھیلی گئی تھی۔ اب تقریباً 21 سال بعد یہاں دوبارہ فرسٹ کلاس مقابلہ منعقد ہونے جا رہا ہے، جس سے تاریخی میدان میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار ہوگی۔
باغِ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں 1923 سے اب تک 148 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ اس میدان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ تقسیمِ ہند سے قبل یہاں رانجی ٹرافی کے تین مقابلے منعقد ہوئے، جو 1934، 1942 اور 1945 میں کھیلے گئے تھے۔
یہ گراؤنڈ تین ٹیسٹ میچز کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔ ان میں سے دو ٹیسٹ 1955 میں جبکہ آخری ٹیسٹ 1959 میں کھیلا گیا تھا۔ اسی سال لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بھی پہلا ٹیسٹ میچ منعقد ہوا، جو بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مرکزی دفتر بن گیا۔
فائنل میں اسٹیٹ بینک اور مارخور آمنے سامنے
پریزیڈنٹ ٹرافی کے آٹھ ٹیموں پر مشتمل لیگ مرحلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور مارخور آئی ٹی سلوشنز نے سات، سات میچز میں دو، دو فتوحات حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔
اسٹیٹ بینک کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں باقاعدگی سے شرکت کرتی رہی ہے، تاہم مارخور آئی ٹی سلوشنز کے لیے یہ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں پہلی شرکت ہے۔ ٹیم نے گزشتہ سیزن میں پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کا گولڈ مقابلہ جیت کر ٹاپ ٹئیر ٹورنامنٹ میں ترقی حاصل کی تھی۔
تاریخی میدان، فائنل کی اضافی اہمیت
باغِ جناح میں فائنل منتقل کرنے کا فیصلہ صرف مقام کی تبدیلی نہیں بلکہ پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کی کوشش بھی ہے۔ طویل عرصے سے اعلیٰ سطح کے فرسٹ کلاس مقابلوں سے محروم اس گراؤنڈ میں ٹائٹل میچ کا انعقاد مقامی کرکٹ شائقین کے لیے بھی دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔
اب تمام نظریں 27 اکتوبر سے شروع ہونے والے پانچ روزہ فائنل پر مرکوز ہوں گی، جہاں اسٹیٹ بینک اپنی روایتی موجودگی کو اعزاز میں بدلنے کی کوشش کرے گا، جبکہ مارخور آئی ٹی سلوشنز پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد ٹائٹل جیت کر اپنی کامیاب پیش قدمی کو یادگار بنانا چاہے گی۔


