ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کے ساتھ ازدواجی تعلقات میں کشیدگی، طلاق کی خبروں اور مبینہ افیئر سے متعلق قیاس آرائیوں پر پہلی بار تفصیلی گفتگو کی ہے۔
گووندا نے ایک انٹرویو میں سنیتا آہوجا کو اپنی زندگی کا پہلا پیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ محبت میں کسی قسم کا کھیل نہیں ہوتا۔ انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک رشتے کو سنبھالنا اور خاندان کی عزت برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔
طلاق سے متعلق سوال پر گووندا نے کہا کہ وہ ہندو ہیں اور ان کے ہاں طلاق کا لفظ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے معاملات کو سنبھالنے کے لیے ان کے اپنے طریقے اور اقدار موجود ہیں۔
اداکار نے کہا کہ وہ اپنی جگہ اور اپنے اصولوں سے ہٹنا نہیں چاہتے اور مستقبل میں اپنے فیصلوں کے حوالے سے کسی سوال کا سامنا نہیں کرنا چاہتے۔
سنیتا آہوجا کی جانب سے گووندا پر مبینہ ایکسٹرا میریٹل افیئر کے الزامات کے حوالے سے اداکار نے واضح کیا کہ انہوں نے افیئر نہیں کیا۔
گووندا نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کہا کہ شہرت اور کامیابی کے ساتھ بدنامی بھی جڑی رہتی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے ان کے بارے میں مختلف طرح کی باتیں اور قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کی ذاتی زندگی کے بارے میں اس وقت تک بات نہیں کرنی چاہیے جب تک وہ خود اس بارے میں کچھ کہنا نہ چاہے۔
گووندا نے انٹرویو کے دوران سنیتا آہوجا کے ساتھ اپنے ماضی کے تعلقات پر بھی گفتگو کی۔ ان کے مطابق سنیتا نے کم عمری میں ان کے ساتھ زندگی شروع کی تھی اور ایک وقت پر انہوں نے اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی کی خواہش ظاہر کی۔
گووندا کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنیتا کی اس خواہش کا احترام کیا اور انہیں اپنی زندگی کے بارے میں فیصلے کرنے کی آزادی دینے کی بات کی۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ ہر انسان کی اپنی زندگی ہوتی ہے اور اگر کوئی اپنی زندگی اپنے انداز میں گزارنا چاہتا ہے تو اسے اس کا موقع ملنا چاہیے۔
حال ہی میں گووندا اپنی آنے والی فلم روپا کو اسٹار کی ساتھی اداکارہ کومل رانی کے ساتھ گنپتی بپا کے درشن کے لیے پہنچے تھے۔ اس موقع پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد سنیتا آہوجا کے ردعمل نے ایک بار پھر دونوں کے رشتے اور مبینہ افیئر سے متعلق بحث کو ہوا دی تھی۔


