دوحا: ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے ساتھ ہی روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی اے ٹیموں کے درمیان ایک اور سنسنی خیز مقابلے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
دوحا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان اے اور انڈیا اے کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ دونوں ٹیمیں 22 نومبر کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا، جبکہ انڈیا اے اپنی مہم کا آغاز 20 نومبر کو نیپال اے کے خلاف کرے گی۔ بھارتی ٹیم کا گروپ مرحلے کا آخری میچ 24 نومبر کو متحدہ عرب امارات اے کے خلاف ہوگا۔
رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں سری لنکا اے، بنگلا دیش اے، افغانستان اے اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی میں پاکستان اے، انڈیا اے، نیپال اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
گروپ مرحلے میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تین ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس سے دو، دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔
سیمی فائنلز 26 اور 27 نومبر کو ہوں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اے گزشتہ ایڈیشن کی فاتح ہے۔ 2025 کے فائنل میں پاکستان اے نے بنگلا دیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
گزشتہ ایڈیشن میں پاکستان اے نے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو 5 رنز سے مات دی تھی، جبکہ انڈیا اے کو بھی گروپ مرحلے میں پاکستان کے خلاف 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


