کراچی: ونڈوز کمپیوٹر کے ساتھ پرنٹر کا بار بار فیل ہونا صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے، تاہم اکثر اوقات اس مسئلے کی وجہ کسی بڑے ہارڈویئر نقص کے بجائے ڈرائیور، کنکشن، پرنٹ کیو یا ونڈوز کی پرنٹنگ سروس ہوتی ہے۔ چند آسان اقدامات کے ذریعے پرنٹر کو دوبارہ فعال کیا جاسکتا ہے۔
اگر پرنٹر یوایس بی کیبل کے ذریعے کمپیوٹر سے منسلک ہے تو کیبل نکال کر دوبارہ لگائیں اور ممکن ہو تو دوسرا یوایس بی پورٹ استعمال کریں۔ وائرلیس پرنٹر کی صورت میں یہ یقینی بنائیں کہ کمپیوٹر اور پرنٹر ایک ہی وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہوں۔
پرنٹر کو بند کرکے چند سیکنڈ بعد دوبارہ آن کرنا بھی بعض اوقات کنکشن کا مسئلہ حل کردیتا ہے۔
ونڈوز میں پرنٹر کی جانچ
ونڈوز کی سیٹنگز میں جاکر ڈیواسز اینڈبلیو ٹوتھ اور پھر اسکینرز اینڈ پرنٹرز کھولیں۔ یہاں متعلقہ پرنٹر منتخب کرکے دیکھیں کہ سسٹم اسے درست طور پر شناخت کررہا ہے یا نہیں۔
اگر پرنٹر آف لائن دکھائی دے تو اس کا نیٹ ورک کنکشن چیک کریں اور اسے دوبارہ آن لائن لانے کی کوشش کریں۔
خراب ڈرائیور بھی مسئلہ ہوسکتا ہے
پرنٹر کا پرانا، غیر مطابقت رکھنے والا یا خراب ڈرائیور بھی پرنٹنگ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ ایسی صورت میں پرنٹر بنانے والی کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ سے متعلقہ ماڈل اور ونڈوز ورژن کے مطابق تازہ ترین ڈرائیور انسٹال کرنا بہتر ہے۔
پرنٹ اسپولر کو ری اسٹارٹ کریں
ونڈوز کی پرنٹ اسپولر سروس پرنٹ ہونے والے دستاویزات کو منظم کرتی ہے۔ اس سروس میں خرابی آنے کی صورت میں پرنٹر کمانڈ وصول کرنے کے باوجود کام نہیں کرتا۔
مسئلہ حل کرنے کے لیے ونڈوز سرچ میں سروسز لکھ کر کھولیں، پھر پرنٹ اسپولر تلاش کریں اور اس پر رائٹ کلک کرکے ری اسٹارٹ کا آپشن منتخب کریں۔
پرنٹ کیو میں فائلیں ختم کریں
کبھی کبھار کوئی پرانی فائل پرنٹ کیو میں پھنس جاتی ہے اور اس کے باعث نئی فائلیں بھی پرنٹ نہیں ہوتیں۔ اسکینرز ایند پرنٹرز میں جاکر پرنٹر کی پرنٹ کیو کھولیں اور زیر التوا پرنٹ جابز کو کینسل کردیں۔
اس کے بعد دوبارہ پرنٹ کمانڈ دے کر دیکھیں۔
پرنٹر کو دوبارہ ایڈ کریں
اگر تمام بنیادی اقدامات کے باوجود مسئلہ حل نہ ہو تو ونڈوز سے پرنٹر کو ریموو کرکے دوبارہ ایڈ کیا جاسکتا ہے۔
اس کے لئے سیٹنگز میں پرنٹرز اور اسکینرز اینڈ بلیو ٹوتھ اینڈ ڈیوائسز میںجاکر پرنٹر منتخب کریں، اسے ریموو کریں اور پھر ایڈڈیوائس کے ذریعے دوبارہ منسلک کریں۔
مسئلہ برقرار رہے تو ہارڈویئر بھی چیک کریں
اگر پرنٹر کسی دوسرے کمپیوٹر کے ساتھ بھی کام نہیں کررہا تو ممکن ہے مسئلہ ونڈوز کے بجائے خود پرنٹر، اس کے نیٹ ورک یا ہارڈویئر سے متعلق ہو۔ ایسی صورت میں کمپنی کے سپورٹ سینٹر سے رابطہ کرنا بہتر ہوگا۔


