نیا فیچر:اب واٹس ایپ چیٹ سے بھی شیئر ہوگی انسٹاگرام ریل

کراچی: واٹس ایپ صارفین کے لیے انسٹاگرام ریلز دوستوں اور دیگر صارفین کے ساتھ شیئر کرنا مزید آسان ہونے والا ہے۔ کمپنی مبینہ طور پر ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے واٹس ایپ چیٹ کے اندر ہی انسٹاگرام ریلز شیئر کرنے کے لیے خصوصی شارٹ کٹ بٹن دستیاب ہوگا۔

نئے فیچر کے تحت صارف کو ریل شیئر کرنے کے لیے میڈیا پکر میں جاکر ویڈیو تلاش کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ چیٹ کے اٹیچمنٹ مینیو میں ہی انسٹاگرام ریلز کے لیے الگ بٹن موجود ہوگا۔

ریل شیئر کرنے کے لیے نیا شارٹ کٹ

رپورٹس کے مطابق یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.42.9 میں اس فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے۔

نئے ریل بٹن پر کلک کرنے کے بعد صارف اپنی انسٹاگرام سرگرمی تک رسائی حاصل کرسکے گا۔ یہاں حال ہی میں دیکھی گئی ریلز کے ساتھ ساتھ لائیک اور سیو کی گئی ویڈیوز بھی نظر آئیں گی۔

صارف اپنی پسند کی ریل منتخب کرکے اسے براہ راست واٹس ایپ چیٹ میں شیئر کرسکے گا، جس سے ریلز بھیجنے کا موجودہ طریقہ مزید تیز اور آسان ہوجائے گا۔

اکاؤنٹس سینٹر سے لنک کرنا ہوگا

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ اکانٹس سینٹر کے ذریعے انسٹاگرام سے لنک کرنا ہوگا۔

جو صارف اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو انسٹاگرام یا فیس بک سے منسلک نہیں کرنا چاہتا، وہ ایسا نہ کرنے کا انتخاب کرسکتا ہے، تاہم ایسی صورت میں اسے نیا ریل شارٹ کٹ بٹن دستیاب نہیں ہوگا۔

ایسے صارفین کے لیے واٹس ایپ میں موجود موجودہ میڈیا پکر کے ذریعے ویڈیو شیئر کرنے کا آپشن بدستور موجود رہے گا۔

نیا فیچر فی الحال محدود بیٹا ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔ کامیاب آزمائش کے بعد اسے مرحلہ وار عام صارفین کے لیے بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کے درمیان مواد شیئر کرنے کا عمل مزید مربوط ہوجائے گا، جبکہ صارفین کو اپنی پسندیدہ ریلز چیٹس میں بھیجنے کے لیے کم مراحل سے گزرنا پڑے گا۔