اسپین میں ٹرینوں کے درمیان تصادم سے 70 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

میڈرڈ: اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے جنوب میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 70افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق حادثہ وسطی اسپین کے علاقے کاسٹیلا لا مانچا کی میونسپلٹی اُردا میں پیش آیا۔

کاسٹیلا لا مانچا حکومت کی ترجمان ایسٹر پادیلا نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ہنگامی خدمات کے ترجمان کے مطابق امدادی کارروائیوں میں متعدد فائر بریگیڈ یونٹس، تین ہیلی کاپٹر اور انتہائی نگہداشت کی سہولت سے لیس دو موبائل طبی یونٹس حصہ لے رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کی جانب سے نشر کی گئی تصاویر میں دونوں ٹرینوں کا ملبہ پٹریوں اور ریلوے لائن کے ساتھ واقع ڈھلوان پر بکھرا ہوا دکھائی دیا۔ حادثے کے بعد مسافر اپنا سامان اٹھا کر ٹرینوں سے باہر نکلتے نظر آئے۔

اسپین کے سرکاری ریلوے آپریٹر رینفے نے تصدیق کی ہے کہ اس کی ایک ٹرین کو نجی ریلوے کمپنی ایریو کی ٹرین کے ساتھ حادثہ پیش آیا، جس کے بعد میڈرڈ سے جنوبی اسپین جانے والی مرکزی تیز رفتار ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی۔

اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے میڈرڈ میں موٹاپے سے متعلق ایک اجلاس میں شرکت بھی منسوخ کردی، جبکہ ان کی جماعت نے انتخابی مہم کی تمام سرگرمیاں معطل کردیں۔

اسپین کے شاہی خاندان اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین سمیت متعدد یورپی رہنماؤں نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

رواں سال دوسرا بڑا ٹرین حادثہ

اسپین میں یہ رواں سال تیز رفتار ٹرینوں سے متعلق دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل جنوری میں جنوبی گاؤں آدموز کے قریب دو تیز رفتار ٹرینوں کے تصادم میں 46 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حادثے کے بعد ملک کے ریلوے نظام کی حفاظت سے متعلق سنگین سوالات اٹھے تھے۔

اس سے پہلے 2013 میں شمال مغربی شہر سانتیاگو دے کومپوستیلا کے قریب ٹرین پٹری سے اترنے کے حادثے میں 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسپین کا تیز رفتار ریلوے نیٹ ورک حالیہ برسوں میں بڑے پیمانے پر توسیع کے بعد چین کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا نیٹ ورک بن چکا ہے۔ رواں سال دونوں بڑے حادثات میڈرڈ سے جنوبی شہر سیویل جانے والی ریلوے لائن پر پیش آئے، جو ملک کے مصروف ترین ریلوے راستوں میں شمار ہوتی ہے