لاہور: پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حارث رؤف پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا، جبکہ انہیں آفیشل ریپریمینڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں ول جیکس کے ساتھ تلخ کلامی اور امپائر کی تنبیہ کے باوجود بحث جاری رکھنے پر حارث رؤف کے خلاف کارروائی کی گئی۔ جرمانے کے ساتھ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم پر بھی سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی نے انگلش ٹیم کی میچ فیس میں 15 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا، کیونکہ ٹیم مقررہ وقت میں تین اوورز کم کروا سکی تھی۔
آئی سی سی کے مطابق، حارث رؤف اور انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے اپنی اپنی سزاؤں کو تسلیم کرلیا ہے، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں رہی۔


