عوام پر گیس بم: ایل پی جی 14 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگی

اسلام آباد: اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، فی کلو گیس 14 روپے 73 پیسے مہنگی ہونے سے 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 3 ہزار 470 روپے کا ہوگیا۔

ملک میں مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد گھریلو صارفین کو گیس کے حصول کے لیے مزید رقم خرچ کرنا پڑے گی۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 14 روپے 73 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 294 روپے 7 پیسے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں 11.8 کلو گرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت بھی 173 روپے 86 پیسے بڑھ گئی ہے۔ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 470 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہی سلنڈر 3 ہزار 296 روپے میں دستیاب تھا۔

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے خصوصاً ان گھریلو صارفین کے اخراجات بڑھیں گے جو پائپ لائن گیس کی عدم دستیابی یا کم پریشر کے باعث کھانا پکانے اور دیگر ضروریات کے لیے سلنڈر استعمال کرتے ہیں۔