میلبرن اسٹارز کو خیرباد، حارث رؤف بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا حصہ بن گئے

سڈنی: پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے سیزن 2026-27 کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ وہ اس سے قبل مسلسل پانچ سیزن تک میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے حارث رؤف کو پورے ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ ان کے علاوہ انگلینڈ کے بین اسٹوکس اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین بھی پورے سیزن کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے کوچ ٹم پین نے حارث رؤف کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فاسٹ بولر ایک بہترین میچ ونر ہیں، جو انٹرنیشنل کرکٹ اور دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

ان کے مطابق حارث رؤف دنیا کے تیز ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں اور کسی بھی لمحے میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ ایک پرجوش کھلاڑی اور سخت مقابلہ کرنے والے کرکٹر ہیں، جن کی موجودگی سے ٹیم میں نئی توانائی آئے گی۔

ٹم پین کا کہنا تھا کہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے لیے یہ اہم ترجیح تھی کہ ان کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پورے ٹورنامنٹ میں دستیاب ہوں، کیونکہ اس سے ٹیم کو مقابلے میں نمایاں فائدہ مل سکتا ہے۔

دوسری جانب حارث رؤف نے نئی ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے لیے کھیلنے کے منتظر ہیں۔ ایڈیلیڈ اوول دنیا کے بہترین کرکٹ گراؤنڈز میں سے ایک ہے اور انہیں وہاں کھیلنا ہمیشہ اچھا لگا ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم میں بین اسٹوکس، میٹ شارٹ اور مارک چیپمین جیسے عالمی معیار کے کھلاڑی موجود ہیں، جن کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملنا ان کے لیے خوش آئند ہے۔ وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فائنل مرحلے تک پہنچانے اور ٹائٹل جیتنے میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ بی بی ایل سیزن میں حارث رؤف نے میلبرن اسٹارز کی جانب سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 11 اننگز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں اور لیگ کے سب سے کامیاب بولر قرار پائے تھے۔ مجموعی طور پر وہ میلبرن اسٹارز کے لیے 33 میچز میں 56 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

ایڈیلیڈ اوول میں بھی حارث رؤف کی کارکردگی قابل ذکر رہی ہے۔ نومبر 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں انہوں نے صرف 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کی بدولت پاکستان نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بگ بیش لیگ 2026-27 کا آغاز دسمبر میں ہوگا، جبکہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اپنا پہلا میچ 16 دسمبر کو کینبرا میں سڈنی تھنڈر کے خلاف کھیلیں گے۔ ٹیم اب تک صرف ایک مرتبہ، 2017-18 میں، بی بی ایل کا ٹائٹل جیت سکی ہے اور گزشتہ سیزن میں چھٹی پوزیشن پر رہنے کے باعث پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل نہیں کرسکی تھی۔