ایک دن میں 6 کروڑ ویوز! شاہ رخ خان کی ’کنگ‘ کے گانے نے تاریخ رقم کردی

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ایک بار پھر اپنی مقبولیت کا ثبوت دے دیا۔ ان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے پہلے گانے ’تو مل جائے‘ نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی اور محض 24 گھنٹوں کے اندر یوٹیوب پر کروڑوں ویوز حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

ابتدائی طور پر سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق گانے نے ریلیز کے پہلے 24 گھنٹوں میں یوٹیوب پر 4 کروڑ سے زائد ویوز حاصل کیے، جبکہ مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس کے مجموعی ویوز 6 کروڑ سے تجاوز کرگئے۔

شاہ رخ خان کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر 2 نومبر کو ریلیز ہونے والے اس رومانوی گانے میں شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون بھی نظر آرہی ہیں۔ دونوں اداکاروں کی جوڑی اور گانے کی رومانوی پیشکش کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کامیابی کے ساتھ شاہ رخ خان نے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سے قبل ان کی فلم ’جوان‘ کے گانے ’زندہ بندہ‘ کو ریلیز کے پہلے 24 گھنٹوں میں یوٹیوب پر 3 کروڑ 46 لاکھ ویوز ملے تھے، تاہم ’تو مل جائے‘ نے 3 کروڑ 63 لاکھ ویوز کے ساتھ یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

اس کے علاوہ گانے نے فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے ’گجّو پٹاکا‘، ’آدی پُرش‘ کے ’جے شری رام‘ اور ’رام سیا رام‘ سمیت فلم ’سکندر‘ کے گانے ’سکندر ناچے‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

’تو مل جائے‘ کو اریجیت سنگھ اور مدھوبنتی باگچی نے اپنی آواز دی ہے، جبکہ اس کی موسیقی سچن جگر نے ترتیب دی اور بول کمار نے لکھے ہیں۔ گانے کے کریڈٹس میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایڈ شیرن کا نام بھی شامل ہے۔

شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی جوڑی ایک مرتبہ پھر اسکرین پر نظر آرہی ہے۔ دونوں فنکار اس سے قبل بھی متعدد کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، جس کے باعث ان کی نئی فلم کو لے کر مداحوں میں خاصا جوش پایا جاتا ہے۔