واٹس ایپ کا اسمارٹ ٹیکسٹ ایکشنز فیچر: فون نمبر، ای میل یا وقت کاپی پیسٹ کی ضرورت ختم

دبئی: دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے، جس سے روزمرہ چیٹنگ کے دوران کئی کام آسان ہوجائیں گے۔

اکثر واٹس ایپ گروپس اور ذاتی چیٹس میں فون نمبر، کسی ملاقات کی تاریخ اور وقت، ای میل ایڈریس یا کسی مقام کا پتا شیئر کیا جاتا ہے۔ اب ان معلومات کو الگ سے کاپی کرکے متعلقہ ایپ میں ڈالنے کے بجائے واٹس ایپ خود ان کی شناخت کرکے ضروری آپشنز فراہم کرے گا۔

اس نئے فیچر کو اسمارٹ ٹیکسٹ ایکشنز کا نام دیا گیا ہے۔ ٹیکنالوجی سے متعلق رپورٹس کے مطابق یہ سہولت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بعض صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے، تاہم کمپنی کی جانب سے تمام صارفین کے لیے باضابطہ اجرا کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ واٹس ایپ چیٹ میں موجود مخصوص معلومات کے نیچے نقطوں والی لکیر دکھائی دے گی۔ صارف اس نشان زدہ ٹیکسٹ پر ٹیپ کرے گا تو ایک پاپ اَپ مینیو کھل جائے گا، جس میں متعلقہ کام کرنے کے آپشنز موجود ہوں گے۔

فون نمبر: نمبر کاپی کرنے، کانٹیکٹس میں محفوظ کرنے یا براہ راست کال کرنے کا آپشن ملے گا۔

تاریخ اور وقت: معلومات کاپی کرنے، موبائل کیلنڈر میں شامل کرنے یا واٹس ایپ کے اندر نیا ایونٹ بنانے کی سہولت ہوگی۔

مقام کا پتا: ایڈریس کاپی کرنے یا میپس ایپ میں کھول کر راستہ دیکھنے کا آپشن ملے گا۔

ای میل ایڈریس: متعلقہ ای میل پر ٹیپ کرنے سے موبائل کی ڈیفالٹ ای میل ایپ کھل جائے گی، جہاں پیغام بھیجا جاسکے گا۔

اس فیچر کی ایک اور اہم بات یہ ہے کہ یہ صرف موصول ہونے والے پیغامات تک محدود نہیں ہوگا بلکہ صارف کے اپنے بھیجے گئے پیغامات میں موجود فون نمبرز، تاریخوں، اوقات اور دیگر معلومات کو بھی شناخت کرسکے گا۔

جب صارف کسی نشان زدہ ٹیکسٹ پر ٹیپ کرے گا تو پاپ اَپ مینیو کے اوپر وہی معلومات دکھائی دیں گی جنہیں واٹس ایپ نے شناخت کیا ہوگا۔ اس طرح صارف کسی بھی کارروائی سے پہلے تصدیق کرسکے گا کہ ایپ نے درست معلومات منتخب کی ہیں۔

اگر کوئی صارف ان شارٹ کٹس کو استعمال نہیں کرنا چاہتا تو وہ انہیں نظرانداز کرکے معمول کے مطابق چیٹنگ جاری رکھ سکے گا۔

واٹس ایپ نئے فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے صارفین سے فیڈ بیک بھی حاصل کرے گا۔ کسی ٹیکسٹ ایکشن کو منتخب کرنے کے بعد اسکرین کے نچلے حصے میں یہ بتانے کا آپشن سامنے آسکتا ہے کہ تجویز کردہ سہولت مفید تھی یا نہیں۔

اگر صارف اسے غیر مفید قرار دیتا ہے تو وہ اس کی وجہ بھی بتا سکے گا، جس سے ایپ کو معلومات کی شناخت اور شارٹ کٹس کی بہتری میں مدد ملے گی۔

فی الحال اسمارٹ ٹیکسٹ ایکشنز کی سہولت اینڈرائیڈ اور آئی فون پر واٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن استعمال کرنے والے محدود صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کا اجرا مرحلہ وار ہوگا، اس لیے ممکن ہے کہ تازہ ترین اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کے باوجود کچھ صارفین کو یہ فیچر فوری طور پر دستیاب نہ ہو۔

واٹس ایپ نے ابھی تک اس کی عالمی سطح پر دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔