سنجے دت اور ارشد وارثی پھر دھوم مچانے کو تیار: منّا بھائی 3 کی تیاری تیز

ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول کامیڈی فلم سیریز ’منّا بھائی‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی، ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے فلم کے تیسرے حصے پر کام تیز کردیا ہے، اس مرتبہ اسکرپٹ اور کہانی لکھنے کی ذمہ داری فرہاد سامجی کو بھی سونپی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راج کمار ہیرانی اس بار فلم میں ایک نیا اور منفرد انداز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، اسی مقصد کے تحت فرہاد سامجی کو تحریری ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

فرہاد سامجی کا اس فلمی سلسلے سے تعلق بھی پرانا ہے۔ 2003 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ’منّا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے مقبول گانے ’ایم بولے تو‘ کا ابتدائی مصرع بھی انہوں نے ہی لکھا تھا۔ اب کئی برس بعد وہ ایک مرتبہ پھر اسی فرنچائز کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

راج کمار ہیرانی ماضی میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ منّا بھائی کا تیسرا حصہ اسی وقت بنائیں گے جب ان کے پاس ایک مضبوط اور دلچسپ کہانی موجود ہوگی۔ وہ محض فلم کا سیکوئل بنانے کے لیے جلد بازی کے حق میں نہیں تھے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فرہاد سامجی جلد اسکرپٹ مکمل کرلیں گے اور منصوبے کے مطابق فلم 2027 میں فلور پر جاسکتی ہے، جس کے بعد شوٹنگ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

واضح رہے کہ سنجے دت کا منّا بھائی اور ارشد وارثی کا سرکٹ بھارتی سنیما کی یادگار جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ’منّا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’لگے رہو منّا بھائی‘ کی کامیابی کے بعد شائقین طویل عرصے سے تیسرے حصے کے منتظر ہیں۔ تاہم فلم کی کاسٹ اور شوٹنگ کے حوالے سے باضابطہ اعلان سامنے آنا ابھی باقی ہے۔