مدینہ منورہ کی جانب فائر کیا گیا بیلسٹک میزائل تباہ: یمن کے حوثیوں پر الزام

ریاض : سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والے فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ مدینہ ریجن کی جانب فائر کیا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ فضائی دفاع نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے مدینہ ریجن کی طرف فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔

یہ اعلان سعودی سول ڈیفنس ایجنسی کی جانب سے اسٹریٹجک بندرگاہ ینبع کے قریب ممکنہ خطرے کی وارننگ جاری کرنے کے چند منٹ بعد سامنے آیا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

سول ڈیفنس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ینبع گورنری میں نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کی جانب سے ممکنہ خطرے سے خبردار کرنے کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے۔

حوثی گروپ نے ماضی میں کئی بار کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف اپنی کارروائیوں میں مقدس شہروں مکہ اور مدینہ کو نشانہ نہیں بنائے گا۔ حالیہ برسوں میں حوثیوں کے حملوں کا مرکز ہوائی اڈے، توانائی کا بنیادی ڈھانچہ اور فوجی تنصیبات رہے ہیں۔

دوسری جانب حوثیوں نے حالیہ مہینوں میں ینبع بندرگاہ کو متعدد بار نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ بحیرہ احمر پر واقع ینبع سعودی عرب کی ایسٹ-ویسٹ پائپ لائن کا آخری سرا ہے، جو سعودی تیل کو آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرنے میں مدد دیتی ہے۔

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے بعد سے یہ بندرگاہ اور پائپ لائن عالمی منڈیوں تک سعودی خام تیل اور ایندھن کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔