راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا کےخلاف پاکستان کے4 کھلاڑیوں کی نصف سنچریاں

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز میزبان ٹیم نے محتاط مگر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنالیے۔ ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے جارحانہ نصف سنچری بناکر پاکستان کو بہترین آغاز فراہم کیا، جبکہ کپتان بابر اعظم اور نوجوان بیٹر محمد طحہٰ نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ دن کے اختتام پر سعود شکیل 57 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان کوشال مینڈس کو امید تھی کہ پچ پر موجود ہریالی ان کے فاسٹ بولرز کے لیے مددگار ثابت ہوگی، تاہم پاکستانی اوپنرز نے ابتدا ہی سے مہمان بولرز کو دباؤ میں رکھا۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں خوبصورت اسٹروکس کھیلتے ہوئے سری لنکن بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ دوسرے اینڈ پر اذان اویس نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے ابتدائی سیشن میں پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

سری لنکا کو پہلی کامیابی ملان رتھنائیکے نے دلائی، جنہوں نے اذان اویس کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد اسی سیشن میں اسیتھا فرنینڈو نے طیب عارف کو بھی پویلین بھیج دیا، جس سے مہمان ٹیم نے میچ میں واپسی کی۔

بابر اعظم کی نصف سنچری، مگر بڑا اسکور بنانے میں ناکام

ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور محمد طحہٰ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ بابر اعظم نے کھل کر اسٹروکس کھیلے اور سری لنکن بولرز کے خلاف خوبصورت شاٹس لگاتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، تاہم وہ اس اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل نہ کرسکے۔

دلشان مدوشنکا نے شاندار گیند پر بابر اعظم کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد نوجوان بیٹر محمد طحہٰ نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر مزاحمت جاری رکھی۔

دونوں بیٹرز نے سری لنکن بولرز کو خاصی دیر تک وکٹ لینے سے روکے رکھا۔ محمد طحہٰ نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن لنچ کے بعد دوسرے سیشن میں اچھی بیٹنگ کرنے والے اس نوجوان کھلاڑی نے سونل دھنوشا کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی اور کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور اسیتھا فرنینڈو کی اضافی باؤنس لیتی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کوشال مینڈس کو کیچ دے گئے۔

سعود شکیل نے ذمہ داری سنبھال لی

آخری سیشن میں پاکستان کی مزید وکٹیں گرنے کے باوجود سعود شکیل نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ انہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور دن کے اختتام تک 57 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا نے اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ملان رتھنائیکے اور سونل دھنوشا نے بھی پاکستانی بیٹنگ کو نقصان پہنچایا۔

خراب ہوتی روشنی کے باعث امپائرز نے پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ یوں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بناکر پہلے دن کا اختتام کیا اور اپنی پوزیشن نسبتاً مستحکم رکھی۔

اب دوسرے روز پاکستان کی نظریں سعود شکیل پر ہوں گی کہ وہ اپنی نصف سنچری کو بڑے انفرادی اسکور میں تبدیل کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ مزید آگے لے جائیں۔