اسٹیون اسمتھ گردن کی انجری سے پریشان : نیویارک میں علاج جاری

سڈنی: آسٹریلیا کے تجربہ کار بیٹر اسٹیون اسمتھ کی گردن کی انجری میں بہتری آنے لگی ہے اور انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں ایکشن میں دیکھنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ سے باہر ہونے کے بعد علاج کے لیے نیویارک میں ایک ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کیا ہے، جہاں ان کی انجری کی اصل وجہ جاننے اور علاج کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے۔

آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹیون اسمتھ نے نیویارک میں ماہرین سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امید ہے کہ ان کی حالت میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا اور وہ رواں ماہ شیفلڈ شیلڈ کے پانچویں راؤنڈ میں نیو ساؤتھ ویلز کی جانب سے کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اسٹیون اسمتھ کو جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران گردن میں تکلیف محسوس ہوئی تھی، جس کے بعد طبی معائنے میں ان کے گردن کے مہرے کے جوڑ میں انجری کی تشخیص ہوئی۔

تکلیف کے باعث وہ دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اپنی معمول کی بیٹنگ پوزیشن کے بجائے نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے آئے تھے۔ ابتدائی طور پر آسٹریلوی ٹیم کو امید تھی کہ وہ سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ میں شرکت کرسکیں گے، تاہم میچ کی صبح انہیں اعصابی تکلیف کم کرنے کے لیے نرو بلاک انجیکشن دیا گیا، جس کے بعد انہیں مکمل ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے فٹ قرار نہیں دیا گیا۔

سیریز کے اختتام پر آسٹریلوی اسکواڈ واپس وطن روانہ ہوگیا، تاہم اسٹیون اسمتھ نیویارک چلے گئے، جہاں ان کا اپارٹمنٹ بھی موجود ہے اور وہ اکثر وقت گزارتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ آئندہ ہفتے سڈنی واپس پہنچ جائیں گے۔

اسٹیون اسمتھ ریٹائرمنٹ لینے والے ہیں؟

دوسری جانب اسٹیون اسمتھ کے ٹیسٹ کرکٹ مستقبل کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ وہ ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا فیصلہ سیریز بہ سیریز بنیاد پر کریں گے۔

تاہم جارج بیلی نے واضح کیا ہے کہ انہیں اسٹیون اسمتھ کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے کسی فوری فیصلے کے اشارے نہیں ملے۔ ان کے مطابق آسٹریلوی ٹیم مستقبل کے اہم دوروں میں بھی اس تجربہ کار بیٹر کی خدمات حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

جارج بیلی کا کہنا تھا کہ اسمتھ ایک غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں اور ان کی موجودگی آسٹریلوی ٹیم کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ اسٹیون اسمتھ آئندہ اہم ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کا اہم حصہ ہوں گے۔

بھارت اور انگلینڈ کے دورے بھی اسمتھ کے پیش نظر

آسٹریلوی سلیکشن سربراہ کے مطابق اسٹیون اسمتھ آئندہ سال بھارت اور انگلینڈ کے دوروں میں بھی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ان کی انجری کی بنیادی وجہ کا مکمل تعین کیا جائے تاکہ مستقبل میں تکلیف دوبارہ ہونے کی صورت میں فوری اور مؤثر علاج ممکن ہوسکے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا کا دورہ اسٹیون اسمتھ کے لیے مجموعی طور پر مشکل رہا، جہاں انہوں نے چار اننگز میں صرف 83 رنز بنائے، جبکہ ڈربن میں انہیں کنکشن کے خدشے کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔