انسٹاگرام پر اے آئی کی نظر! عمر چھپانا اب آسان نہیں ہوگا

نیویارک: سوشل میڈیا کی بڑی کمپنی میٹا نے کم عمر صارفین کے آن لائن تحفظ کو مزید سخت بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی عمر کا اندازہ لگانے والی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اب انسٹاگرام پر ایسے صارفین کی بھی شناخت کی جائے گی جو اکاؤنٹ بناتے وقت اپنی اصل عمر کے بجائے بالغ ہونے کی تاریخ پیدائش درج کرتے ہیں۔ اگر مصنوعی ذہانت کو کسی صارف کے کم عمر ہونے کا شبہ ہوا تو اسے خودکار طور پر ٹین اکاؤنٹ کی حفاظتی پابندیوں میں شامل کردیا جائے گا۔

میٹا نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایسے افراد کی شناخت کرتی ہے جن کے بارے میں شبہ ہو کہ وہ نوعمر ہیں، چاہے انہوں نے اپنے اکاؤنٹ میں بالغ ہونے کی تاریخ پیدائش ہی کیوں نہ درج کی ہو۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تجربات کے مثبت نتائج کے بعد اس ٹیکنالوجی کا دائرہ عالمی سطح پر بڑھایا جا رہا ہے، جس سے دنیا بھر میں لاکھوں مزید نوعمر صارفین کو عمر کے مطابق حفاظتی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔

اے آئی عمر کا اندازہ کیسے لگائے گی؟

میٹا کی نئی ٹیکنالوجی محض اکاؤنٹ میں درج تاریخ پیدائش پر انحصار نہیں کرے گی بلکہ صارف کی پروفائل، پوسٹس، تبصروں، بائیو، کیپشنز اور دیگر سرگرمیوں سے حاصل ہونے والے مختلف اشاروں کا تجزیہ کرے گی۔

مثلاً کسی صارف کی پوسٹس میں اسکول کی جماعت، سالگرہ کی تقریبات یا دیگر عمر سے متعلق معلومات کا ذکر اس نظام کے لیے اشارہ بن سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق تصاویر اور ویڈیوز میں موجود عمومی بصری اشاروں کو بھی عمر کا اندازہ لگانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کرنا ہے جو بظاہر بالغ افراد کے ہوں لیکن درحقیقت نوعمر صارفین استعمال کر رہے ہوں۔

میٹا نے واضح کیا ہے کہ یہ نظام عمر کا تخمینہ لگاتا ہے، اسے ہر صارف کی عمر کی قطعی تصدیق نہیں سمجھنا چاہیے۔

ٹین اکاؤنٹس میں کیا پابندیاں ہوں گی؟

انسٹاگرام کے ٹین اکاؤنٹس عام اکاؤنٹس کے مقابلے میں زیادہ حفاظتی پابندیوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ان کا مقصد نوعمر صارفین کو نامناسب رابطوں، غیر موزوں مواد اور سوشل میڈیا کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے بچانا ہے۔

ان اکاؤنٹس میں اجنبی افراد کی جانب سے رابطے پر پابندیاں، مواد کی نمائش پر کنٹرول، رات کے اوقات میں نوٹیفکیشنز کی بندش اور والدین کی نگرانی جیسی سہولتیں شامل ہیں۔

کمپنی کے اعلان کے مطابق نوعمر صارفین کو مسلسل استعمال سے وقفہ لینے کی یاد دہانی بھی کرائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ لائکس اور دوسرے صارفین کے ردعمل جیسی سوشل کمپیریزن خصوصیات تک رسائی بھی محدود کی جاتی ہے۔

والدین کو بھی ملیں گے نوٹیفکیشنز

میٹا کے مطابق امریکا میں ایسے والدین جنہوں نے اپنے نوعمر بچوں کے لیے انسٹاگرام اکاؤنٹس ترتیب دیے ہیں، انہیں نومبر کے دوران نئی حفاظتی پالیسیوں سے متعلق نوٹیفکیشنز موصول ہونا شروع ہوں گے۔

کمپنی فیس بک پر بھی عمر کا اندازہ لگانے والی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ رواں سال کے آخر میں تھریڈز پر بھی اسی نوعیت کا نظام عالمی سطح پر لانے کا منصوبہ ہے۔

آسٹریلیا میں میٹا نے ایپل کی جانب سے فراہم کردہ عمر کے گروپ سے متعلق معلومات کو بھی عمر کے اندازے کے ایک اضافی ذریعے کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

اربوں ڈالر کے قانونی معاہدے

میٹا کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ کے حوالے سے مختلف ممالک میں قانونی کارروائیوں اور تنقید کا سامنا ہے۔

رواں سال اگست میں امریکی ریاستوں کے اٹارنی جنرلز کے ساتھ ہونے والے ایک معاہدے کے تحت میٹا نے نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات اور تقریباً 18 ارب ڈالر کی ادائیگی پر اتفاق کیا تھا۔ اس معاہدے میں 52 ریاستی، علاقائی اور ضلعی اٹارنی جنرلز شامل تھے۔

اس کے تحت فیس بک اور انسٹاگرام پر نوعمر صارفین کے لیے روزانہ استعمال کی دو گھنٹے کی ڈیفالٹ حد، رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ موڈ اور اسکول کے اوقات میں صبح 8 سے سہ پہر 3 بجے تک نوٹیفکیشنز محدود کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

معاہدے کا بڑا مقصد ان صارفین کی شناخت بہتر بنانا بھی ہے جو اپنی اصل عمر چھپا کر سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔

میٹا نے دیگر سوشل میڈیا کمپنیوں ٹک ٹاک اور یوٹیوب سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز پر نوعمر صارفین کی شناخت اور ان کے تحفظ کے لیے اسی نوعیت کی ٹیکنالوجی اپنائیں۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ جب تک مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عمر کے مطابق حفاظتی اقدامات یکساں نہیں ہوں گے، نوجوانوں کو آن لائن خطرات سے مکمل تحفظ فراہم کرنا مشکل رہے گا۔