چین کا امریکا پر ٹیکنالوجی ناکہ بندی کا الزام

اے ایف پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین کی تکنیکی ترقی آزادانہ جدت اور کھلے تعاون کی بنیاد پر آگے بڑھ رہی ہے، امریکا کو چاہیے کہ جاسوسی سے متعلق من گھڑت بیانیے تیار کرکے چین کی ٹیکنالوجی کو محدود کرنے کا سلسلہ بند کرے۔

چینی وزارت خارجہ نے یہ بیان امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کو مبینہ چینی جاسوسی منصوبے کا ہدف بنائے جانے سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد دیا گیا ہے۔

امریکی حکام سے منسوب دعووں کے مطابق سنگاپور میں قائم کمپنی میگاسپیڈ کی ایک سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ کے مبینہ طور پر چینی انٹیلی جنس سے روابط کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم چین ان الزامات کو بے بنیاد قیاس آرائی اور اپنے ملک کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دے چکا ہے۔

جینسن ہوانگ این ویڈیا کے شریک بانی ہیں اور ان کی کمپنی مصنوعی ذہانت کے نظام چلانے کے لیے درکار جدید چپس کی دنیا کی اہم ترین فراہم کنندہ بن چکی ہے۔ ہوانگ طویل عرصے سے چین کو جدید چپس کی فروخت پر عائد امریکی پابندیوں میں نرمی کے لیے لابنگ کرتے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس سیاسی مخالفت کے باوجود این ویڈیا کی ایچ 200 چپس چین کو برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، تاہم امریکی پالیسی سازوں کے ایک حلقے کو خدشہ ہے کہ جدید چپس تک رسائی چین کو مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں برتری دلا سکتی ہے۔

چین اور امریکا کے درمیان یہ نیا تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئندہ ہفتے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات متوقع ہے۔

یہ ملاقات جنوبی چین کے شہر شینژن میں ہوگی، جہاں دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے معاملات اہم موضوعات بن سکتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کی نظر اب اس بات پر ہے کہ جاسوسی کے الزامات اور جدید چپس کی برآمدات پر اختلافات دونوں ممالک کے تعلقات اور آئندہ مذاکرات کو کس حد تک متاثر کرتے ہیں۔