ایران امریکا مذاکرات کی نئی راہ: ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو مذاکرات کا اختیار دے دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے اور سفارتی مذاکرات کی بحالی کے لیے نائب صدر جے ڈی وینس کو مذاکرات کا اختیار دے دیا ہے، جبکہ ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی سے براہِ راست ملاقات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں اپنے اعلیٰ مشیروں اور بعض غیر ملکی حکام کو بتایا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حق میں ہیں اور انہوں نے جے ڈی وینس کو اس سلسلے میں مذاکرات آگے بڑھانے کی اجازت دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس اور ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کے درمیان بالمشافہ ملاقات کا امکان زیر غور ہے۔ اس ملاقات کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ کو ممکنہ مقام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم تاحال کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق جے ڈی وینس نے اکتوبر میں محسن رضائی کو ملاقات کی درخواست پر مشتمل خط بھی ارسال کیا تھا۔ اس پیش رفت سے ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل میں امریکی نائب صدر کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے۔

مذاکرات میں ایران کی شرائط کیا ہیں؟

رپورٹ کے مطابق ایران نے مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکا سے اپنے بحری محاصرے کے خاتمے، منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی اور تیل کی برآمدات پر عائد پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایرانی مطالبات کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر ایران اپنے مؤقف میں تبدیلی لاتا ہے تو امریکا سفارتی حل کے لیے تیار ہے۔

آبنائے ہرمز بھی مذاکرات کا اہم معاملہ

رپورٹ کے مطابق علاقائی ثالثوں نے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے تحت امریکا اپنے طیارہ بردار بحری جہازوں کو ایران سے نسبتاً دور منتقل کرنے اور ایرانی بندرگاہوں پر پابندیوں میں نرمی پر غور کرسکتا ہے، جبکہ اس کے بدلے ایران آبنائے ہرمز سے 25 تیل بردار جہازوں کو گزرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔

تاہم دونوں ممالک کے درمیان شرائط پر اختلافات برقرار ہیں اور مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

امریکی انتظامیہ میں بھی مختلف آرا

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی انتظامیہ میں ایران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے یا بحری محاصرہ اور اقتصادی پابندیاں برقرار رکھنے کے معاملے پر مشاورت جاری ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کے حامی بتائے جاتے ہیں، جبکہ جے ڈی وینس کو سفارتی کوششوں میں زیادہ فعال کردار دیا جا رہا ہے۔

ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات ایسے وقت میں زیر غور ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور عالمی توانائی کی منڈیوں پر جنگ کے اثرات برقرار ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اور تہران کے درمیان براہِ راست رابطے کسی باقاعدہ مذاکراتی عمل میں تبدیل ہوتے ہیں یا نہیں۔