اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، بعض وزرا کی ناقص کارکردگی پر وزارتوں سے تبدیلی جبکہ نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف اداروں سے وفاقی وزرا کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کی تھیں، رپورٹس موصول ہونے کے بعد کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔
وزیراعظم اس معاملے پر مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کو بھی اعتماد میں لے چکے ہیں۔ کابینہ میں بعض نئے چہروں کو شامل کرنے کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو مختلف اہداف دیے تھے، تاہم جو وزرا مقررہ مدت میں اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکے، انہیں عہدوں پر برقرار نہ رکھنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بعض وزرا کی جانب سے خود بھی وزیراعظم سے انہیں عہدوں سے سبکدوش کرنے کی اجازت طلب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیراعظم حتمی فیصلہ کریں گے۔
کابینہ میں ردوبدل کے باوجود اتحادی جماعتوں کا کوٹہ برقرار رکھا جائے گا۔
وفاقی کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں کو حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلے اور نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے باضابطہ اعلان سامنے آنا باقی ہے۔


