دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تمام 12 فل ممبر ممالک کو شامل کرنے کا منصوبہ مشکلات کا شکار ہوگیا ہے، اگلے سائیکل میں بھی ٹیسٹ چیمپئن شپ 9 ٹیموں تک محدود رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے آئندہ بورڈ اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی توسیع پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے سمیت تمام 12 فل ممبر ٹیموں کو ایک ہی لیگ میں شامل کرنے کی تجویز پر پیش رفت ہوئی تھی، تاہم اب اس منصوبے کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) توسیع شدہ مقابلے کی مخالفت کر رہا ہے۔ انگلش بورڈ کا مؤقف ہے کہ ٹیموں کی تعداد بڑھنے سے بیرون ملک دوروں میں اضافہ ہوگا اور انگلینڈ کے ہوم کرکٹ سیزن کے لیے دستیاب وقت متاثر ہوسکتا ہے۔
تاہم زمبابوے کے لیے ایک امید باقی ہے کہ اسے 12 کے بجائے 10 ٹیموں پر مشتمل ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ آئرلینڈ کی مالی مشکلات اور مستقبل قریب میں زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی محدود گنجائش بھی اس کی شمولیت میں رکاوٹ سمجھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ افغانستان کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے باہر ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے پر بھی آمادہ نہیں، جس کی وجہ طالبان حکومت کے دور میں خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں سے متعلق اس کا مؤقف ہے۔ البتہ زمبابوے اور آئرلینڈ کے خلاف الگ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
فیوچر ٹورز پروگرام پر بھی اہم فیصلے متوقع
آئی سی سی اجلاس میں 2027 سے 2031 تک کے فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) کو بھی حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ 2028 میں زمبابوے کا دورہ کرے گا، جس میں کم از کم ایک ٹیسٹ میچ بھی شامل ہوسکتا ہے۔ دونوں ممالک نے زمبابوے کی سرزمین پر آخری دوطرفہ سیریز 2004 میں کھیلی تھی۔
جنوبی افریقا 2027 میں زمبابوے کا ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے دورہ کرے گا، جبکہ آسٹریلیا بھی اگلے سائیکل میں زمبابوے جائے گا، تاہم اس دورے میں ٹیسٹ میچ شامل ہونے کا فیصلہ ابھی واضح نہیں۔
ون ڈے کرکٹ کے مستقبل پر بھی نظرثانی
آئی سی سی نے عالمی کنسلٹنگ ادارے میک کینزی کے ذریعے بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اسٹریٹجک جائزہ مکمل کرالیا ہے، جس میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس کے مستقبل کا جائزہ لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگلے سائیکل میں ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی تعداد کم ہونے کا امکان ہے اور ان کی زیادہ تر توجہ 2030 اور 2031 کے ورلڈ کپ کے آس پاس ہوسکتی ہے۔ تاہم ایسوسی ایٹ ممالک کی ون ڈے حیثیت ختم کرنے کے خدشات کے باوجود اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
آئی سی سی کی آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کرنے، نشریاتی حقوق پر انحصار کم کرنے اور رکن ممالک میں آمدنی کی تقسیم کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
افغانستان جلاوطن خواتین کرکٹرز کا معاملہ
آئی سی سی اجلاس میں افغانستان کی جلاوطن خواتین کرکٹرز کے لیے ایک باقاعدہ ٹیم اور کرکٹ پروگرام تشکیل دینے کے منصوبے پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔ خصوصی ٹاسک فورس 2030 میں ممکنہ کوالیفکیشن کے راستے تک پہنچنے کے لیے تربیت اور مقابلوں پر مشتمل پروگرام کی تجاویز پیش کرے گی۔
آئی سی سی کے آئینی اور انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
بالی میں جاری آئی سی سی اجلاس میں ہونے والے فیصلے نہ صرف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ بلکہ عالمی کرکٹ کے آئندہ پانچ سالہ ڈھانچے، رکن ممالک کے باہمی دوروں اور مختلف فارمیٹس کے مستقبل کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔


