دبئی: سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی اور مستقبل کے تعلقات سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی، واضح کردیا کہ ان کی زندگی میں فی الحال کوئی مرد موجود نہیں اور مستقبل کے بارے میں بھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا نے اداکارہ نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے ٹاک شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں اپنی قریبی دوست اور فلم ساز فرح خان کے ہمراہ شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران ان کی ذاتی زندگی اور ڈیٹنگ سے متعلق سوالات کیے گئے۔
میزبانوں نے ثانیہ مرزا سے پوچھا کہ کیا حال ہی میں کسی نے انہیں کافی پر ملاقات کی دعوت دی ہے؟ اس پر ثانیہ نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ ان کے مرد دوست انہیں اکثر گھومنے پھرنے اور دوروں پر جانے کی دعوت دیتے ہیں، لیکن وہ انہیں ایک ممکنہ رومانوی ساتھی کے بجائے اپنے دوستوں میں سے ایک سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر فرح خان نے بھی بتایا کہ ان کے بعض دوست اکثر ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا ثانیہ واقعی اب بھی سنگل ہیں؟
جس پر ثانیہ مرزا نے کہا کہ میری زندگی میں کوئی مرد نہیں ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں کوئی ہوگا بھی یا نہیں
ثانیہ مرزا کے اس بیان کے بعد ان کی دوسری شادی اور نئے تعلق سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں کو ایک واضح جواب مل گیا ہے۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے 2010 میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی تھی، دونوں کے ہاں 2018 میں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔ بعد ازاں دونوں کے راستے جدا ہوگئے، جبکہ شعیب ملک نے جنوری 2024 میں پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔
ثانیہ مرزا نے 2023 میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ اب اپنی فیملی اور دیگر پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔


