کویت: ایرانی فوج نے کویت میں واقع امریکی فوجی اڈے علی السالم ایئربیس پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق حملے میں امریکی پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام، ڈرون اور میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کے بیان کے مطابق بدھ کی صبح کیے گئے حملے میں جنگی اور خودکش ڈرونز استعمال کیے گئے۔ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کا ہدف اڈے پر موجود امریکی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام تھے۔ تاہم حملے سے ہونے والے نقصان یا ممکنہ جانی نقصان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب کویتی فوج نے ملک کی فضائی حدود میں مشتبہ ڈرونز کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام دشمن اہداف کو روکنے میں مصروف ہے۔
کویتی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو روکنے کے نتیجے میں ہوسکتی ہیں۔ حکام نے شہریوں سے سیکیورٹی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ ستمبر کے بعد کویت پر ایران کا پہلا عوامی طور پر رپورٹ ہونے والا حملہ ہے۔ اس سے قبل ایران نے خطے میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں کی تھیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ امریکا نے بھی آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے جزیرے قشم پر پاسداران انقلاب کے میزائل لانچنگ مقام کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی تھی۔
ادھر بحرین نے بھی ایرانی حملوں کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا کروز میزائل تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔


