کسمپرسی کا شکار بالی ووڈ اداکار شرد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان نے فون کرکے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی، جبکہ سونو سود بھی مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ اداکار کو امید ہے کہ وہ جنوری 2027 تک دوبارہ کام شروع کردیں گے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار شرد کپور ان دنوں اپنی نجی زندگی اور صحت سے متعلق خبروں کے باعث توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی خراب حالت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کے بعد مداحوں میں تشویش پائی جاتی تھی، تاہم اب اداکار نے خود بتایا ہے کہ فلم انڈسٹری سے انہیں بھرپور تعاون مل رہا ہے اور وہ دوبارہ کام شروع کرنے کے لیے پُرامید ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے شرد کپور نے بتایا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے انہیں فون کیا اور ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ شرد کے مطابق سلمان خان نے کہا کہ اگر انہیں کسی چیز کی ضرورت ہو تو بلا جھجھک فون کرسکتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے سلمان خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ ضرور رابطہ کریں گے۔ شرد کپور نے اس موقع پر سونو سود کی بھی تعریف کی اور انہیں اپنا حقیقی بھائی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سونو سود ایسے دوست ہیں جنہیں صرف ایک فون کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، وہ فوری طور پر مدد کے لیے پہنچ جاتے ہیں اور جس چیز کی ضرورت ہو، فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پالتو کتوں کی موت نے اداس کردیا تھا
شرد کپور نے گفتگو میں اپنی ذہنی کیفیت کے حوالے سے بتایا کہ اپنے پالتو کتوں کی موت کے بعد وہ کافی عرصے تک اداس رہے۔ اداکار کے مطابق وہ تین سے چار سال نیویارک میں بھی مقیم رہے، تاہم بھارت واپسی پر انہیں فلم انڈسٹری کے کئی افراد کی جانب سے تعاون اور حوصلہ افزائی ملی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالات بہتر ہونے کے بعد وہ جنوری 2027 تک دوبارہ فلمی کام شروع کردیں گے۔
ولن کا کردار یادگار
شرد کپور نے 1994 میں فلم ’میرا پیارا بھارت‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، تاہم انہیں اصل شہرت 1996 میں مہیش بھٹ کی فلم ’دستک‘ سے ملی، جس میں وہ سشمیتا سین کے ساتھ نظر آئے تھے۔
سال 2000 میں شاہ رخ خان کی فلم ’جوش‘ میں ولن پرکاش شرما کا کردار ادا کرکے انہوں نے خاصی توجہ حاصل کی۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا اور انہیں فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین منفی کردار کے لیے نامزد بھی کیا گیا تھا۔
ان کی دیگر نمایاں فلموں میں ’تمنا‘، ’ہتھیار‘، ’جانی دشمن: ایک انوکھی کہانی‘، ’کیوں کہ… میں جھوٹ نہیں بولتا‘، ’ایل او سی: کارگل‘ اور فرحان اختر کی فلم ’لکشیا‘ شامل ہیں۔ فلم ’لکشیا‘ میں انہوں نے میجر بنود سین گپتا کا کردار ادا کیا تھا۔
شرد کپور سلمان خان کے ساتھ فلم ’یہ ہے جلوہ‘ اور ’جے ہو‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔ ہندی فلموں کے علاوہ وہ بنگالی سنیما میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔


