پاکستان پر قرض 130 ارب ڈالر جبکہ نایاب معدنیات 6 ہزار ارب ڈالر کی ہیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مساوی وقار کا احترام کرتا ہے اور ایک واضح، آزاد اور کثیرالجہتی خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ بلاک پالیٹکس اور یکطرفہ اقدامات مسائل کا حل نہیں، بلکہ عالمی تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

عالمی نشریاتی ادارے یورونیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ پاکستان نے 28 فروری کو جنگ کے پہلے ہی روز اسرائیلی حملے کی مذمت کی تھی اور ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے تحمل کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو یہ پیغام بھی دیا گیا کہ خلیجی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

اسحاق ڈار کے مطابق 47 سال بعد امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات پاکستان کی موجودگی کی شرط پر اسلام آباد میں ہوئے۔ ان مذاکرات کے دوران 21 گھنٹے طویل نشست جاری رہی اور دونوں فریق معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 18 جون کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکا اور ایران کے صدور نے دستخط کیے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اس موقع پر گواہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلاف ورزیوں کے باوجود پاکستان معاہدے کی پاسداری کے لیے کوشاں ہے۔

معاشی استحکام اور سرمایہ کاری پاکستان کی ترجیح

پاکستان کی معیشت پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ 2017 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا اور اب ملک دوبارہ معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پر بیرونی قرضوں کا حجم تقریباً 130 ارب ڈالر ہے، جبکہ ملک کے معدنیات اور نایاب زمینی ذخائر کی مالیت 6 سے 10 ٹریلین ڈالر کے درمیان بتائی جاتی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاقِ معیشت پر دستخط کرنا ہوں گے۔ ان کے مطابق معیشت اور امن پاکستان کی بنیادی ترجیحات ہیں، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس بھی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے چین کے ساتھ تعلقات کو 75 سالہ آزمودہ تزویراتی شراکت داری قرار دیتے ہوئے قرضوں کے جال سے متعلق تاثر کو غلط قرار دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ بھی اب فعال روابط ہیں اور ملک عالمی سطح پر اپنے مفادات کے مطابق آزادانہ خارجہ پالیسی پر عمل کر رہا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے حمایت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

افغانستان سے دہشت گردی کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کا مطالبہ

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مستحکم اور خوشحال افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ پاکستان نے تجارت اور مہاجرین سے متعلق اپنے تمام وعدے آٹھ ہفتوں میں پورے کیے، تاہم اسلام آباد کا مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ اور داعش جیسے گروہوں کے خلاف صرف بیانات کافی نہیں، بلکہ قابلِ تصدیق کارروائی کی ضرورت ہے۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ اقدامات دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے۔

بھارت سے مذاکرات اور سندھ طاس معاہدہ

بھارت کے ساتھ تعلقات پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات کی بحالی کا انحصار نئی دہلی کے طرزِ عمل پر ہے۔ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسے یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جاسکتا اور عالمی ثالثی عدالت بھی اس معاہدے کی توثیق کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلاف ورزیوں کے باوجود پاکستان معاہدے کی پاسداری کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسحاق ڈار کے مطابق خطے میں دیرپا امن کے لیے ایک نئے سیکیورٹی فریم ورک کی ضرورت ہے، جس کے تحت ممالک کے درمیان تعاون اور کشیدگی میں کمی لائی جاسکے۔

پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کا علاقائی فورم

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل علاقائی فورم خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مسلسل سرگرم ہے۔ ان کے مطابق استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شمولیت کے بعد یہ فورم ای فور کی شکل اختیار کرچکا ہے، جبکہ دسمبر میں جرمنی میں بھی اجلاس متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے بھی عالمی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے اپنے کئی دہائیوں پر محیط سیاسی سفر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس عرصے سے حاصل ہونے والا اہم سبق یہ ہے کہ عوامی فلاح کے فیصلے دیانت داری اور غیر جانبداری کے ساتھ کیے جانے چاہییں۔