امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی پر سائبر حملے، حساس معلومات لیک ہونے کا امکان

واشنگٹن ڈی سی:امریکا کے دو اہم وفاقی ادارے سائبر حملوں کی زد میں آگئے۔ امریکی محکمہ زراعت (یو ایس ڈی اے) کے کسانوں کو ادائیگیاں کرنے والے کمپیوٹر سسٹم کو ہیکرز نے نشانہ بنایا ہے، جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے جرائم سے متعلق قومی ڈیٹا بیس میں بھی مبینہ سائبر مداخلت کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ زراعت کو رواں ہفتے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ادارے نے جمعرات کو اپنے ملازمین کو اس واقعے سے آگاہ کیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے این بی سی نیوز کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیکرز نے اس نظام تک رسائی حاصل کی جو کسانوں کو مختلف ادائیگیوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کا معلوم دائرہ کار کسانوں کو ادائیگیاں کرنے والے ڈیٹا بیس تک محدود ہے، تاہم حکام کو خدشہ ہے کہ اس نظام میں نقب زنی کے ذریعے ہیکرز مزید حساس معلومات تک بھی رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ ان معلومات میں خوراک کے تحفظ سے متعلق ڈیٹا اور جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں پر ہونے والی تحقیق بھی شامل ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (این سی آئی سی) کو بھی مبینہ طور پر سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ سی این این اور این بی سی نیوز کی رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی اس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور اس حوالے سے دو باخبر ذرائع نے معلومات فراہم کی ہیں۔

یہ ڈیٹا بیس امریکا کے وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس میں مطلوب افراد، گرفتاری کے وارنٹس، مجرمانہ ریکارڈ اور پس منظر کی جانچ سے متعلق معلومات موجود ہوتی ہیں۔

ایف بی آئی کے نظام میں مبینہ مداخلت کی نوعیت، چوری ہونے والے ڈیٹا یا ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی معلومات کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ ادارے نے بھی ابتدائی رپورٹس پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔

رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی کے نظام میں یہ حالیہ واقعہ چند ماہ کے دوران دوسری مرتبہ سائبر سیکیورٹی سے متعلق تشویش کا باعث بنا ہے۔ اس سے قبل ستمبر میں ہیکرز نے ادارے کے بھرتیوں سے متعلق آن لائن پورٹل کو نشانہ بنانے اور ملازمین کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

امریکی سرکاری اداروں پر ان مبینہ حملوں کے ساتھ ملک میں حالیہ دنوں کے دوران متعدد اہم ٹیکنالوجی نظاموں میں تعطل کے واقعات نے بھی سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ تاہم نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے ایک خفیہ داخلی کمپیوٹر نیٹ ورک میں آنے والی حالیہ خرابی کو ابتدائی اطلاعات میں سائبر حملے کے بجائے تکنیکی مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔

ان واقعات کے بعد امریکی سرکاری اداروں کے ڈیجیٹل نظاموں، حساس معلومات کے تحفظ اور سائبر حملوں سے نمٹنے کی صلاحیت پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ تاہم فی الحال ان دونوں واقعات کے درمیان کسی مشترکہ منصوبے یا ایک ہی ہیکنگ گروپ کے ملوث ہونے کا ثبوت سامنے نہیں آیا۔

کسانوں کی ادائیگیاں بھی متاثر

امریکی محکمہ زراعت کے سائبر واقعے کے باعث کسانوں کے قرضوں، مالی امداد اور زرعی منصوبوں سے متعلق بعض آن لائن سروسز بھی متاثر ہوئیں۔ محکمہ کے حکام نے سسٹمز کی بحالی کے لیے اقدامات کیے اور بعض ایپلی کیشنز کو عارضی طور پر بند کیا گیا۔

محکمہ زراعت کے انڈر سیکریٹری رچرڈ فورڈائس نے واقعے کو سائبر خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دستیاب معلومات کے مطابق ذاتی شناختی معلومات (پی آئی آئی) متاثر نہیں ہوئیں اور کوئی ڈیٹا ضائع نہیں ہوا۔ ان کے مطابق سسٹمز کو مرحلہ وار بحال کرنے کا عمل جاری تھا۔

اس دوران امریکی حکومتی ادارے گورنمنٹ اکاؤنٹیبلٹی آفس (گاؤ) نے بھی ایک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ امریکا کا غذائی اور زرعی شعبہ سائبر حملوں کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار ہے اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مزید تیاری کی ضرورت ہے۔