اجے دیوگن بھی بھارتی فلم نگری میں جاسوس بننےکو تیار

ممبئی: اجے دیوگن ایک بار پھر بڑے پردے پر ایک نئے اور منفرد کردار میں نظر آنے کی تیاری کررہے ہیں۔ فلم ’دریشیم 3‘ کے بعد اب ان کی اگلی بڑی فلم سے متعلق اہم اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے مطابق وہ معروف فلم پروڈیوسر بھوشن کمار کے ساتھ ایک بڑے بجٹ کی جاسوسی تھرلر فلم میں کام کرسکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم کی کہانی بھارتی جاسوسی کی دنیا کے گرد گھومے گی، جس میں ایک ایسی کہانی پیش کرنے کی تیاری ہے جو اس سے پہلے بڑے پردے پر نہیں دکھائی گئی۔ فلم کو ایک ہائی بجٹ پروجیکٹ قرار دیا جارہا ہے اور اس میں سنسنی، ایکشن اور جاسوسی کے عناصر شامل ہونے کا امکان ہے۔

اجے دیوگن، بھوشن کمار کی دوبارہ جوڑی

بھارتی فلمی ویب سائٹ ’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کی رپورٹ کے مطابق بھوشن کمار اس نئے پروجیکٹ کے لیے اجے دیوگن کو مرکزی کردار میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے دونوں کے درمیان متعدد ملاقاتیں بھی ہوچکی ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اجے دیوگن کو فلم کا ابتدائی تصور پسند آیا ہے اور وہ بھی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم ابھی تک انہوں نے باضابطہ طور پر فلم سائن نہیں کی۔

اجے دیوگن اور بھوشن کمار اس سے پہلے بھی کئی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، جن میں ’تاناجی: دی اَن سنگ واریئر‘، ’دریشیم 2‘، ’ریڈ 2‘، ’دے دے پیار دے‘ اور ’دھمال 4‘ شامل ہیں۔

دھورندھر جیسی کہانی کی تیاری؟

رپورٹ کے مطابق نئی فلم کی کہانی کو ’دھورندھر‘ جیسی سنسنی خیز اور دلچسپ نوعیت کا قرار دیا جارہا ہے۔ فلم میں بھارتی جاسوسی کے پس منظر، خفیہ مشنز اور غیرمعمولی حالات کو موضوع بنایا جاسکتا ہے۔

تاہم فلم کے ہدایت کار، دیگر اداکاروں اور کہانی کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ فلم سازوں نے فی الحال اس منصوبے سے متعلق زیادہ معلومات خفیہ رکھی ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر اجے دیوگن اس فلم کے لیے اپنی حتمی رضامندی دے دیتے ہیں تو اس کی شوٹنگ 2027 میں شروع ہوسکتی ہے، جبکہ فلم سازوں کا ہدف اسے 2028 کے وسط تک سینما گھروں میں ریلیز کرنا ہے۔

اس پروجیکٹ کو اجے دیوگن کے آنے والے بڑے منصوبوں میں شمار کیا جارہا ہے، تاہم ریلیز کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کی باضابطہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

اجے دیوگن کے پاس اس وقت بھی کئی اہم فلمی منصوبے موجود ہیں۔ وہ روہت شیٹی کی کامیڈی فرنچائز ’گول مال 5‘ میں نظر آئیں گے، جبکہ ایکشن اور ایڈونچر فلم ’رینجر‘ بھی ان کے آنے والے پروجیکٹس میں شامل ہے۔

فلم ’رینجر‘ میں سنجے دت منفی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ اس فلم کی ہدایت کاری جگن شکتی کررہے ہیں۔

اس کے علاوہ اجے دیوگن ہدایت کار نیرج یادو کی فلم ’چوہان‘ کا بھی حصہ ہیں۔

یوں اجے دیوگن کی آنے والی فلموں میں کامیڈی، ایکشن اور جاسوسی جیسے مختلف موضوعات شامل ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بھوشن کمار کے ساتھ ان کا نیا اسپائی تھرلر منصوبہ کب باضابطہ شکل اختیار کرتا ہے۔