رشمیکا مندانا کی فلم ’مایسا‘ کی ریلیز ملتوی

حیدرآباد دکن : جنوبی بھارتی فلموں اور بالی ووڈ میں اپنی اداکاری سے پہچان بنانے والی اداکارہ رشمیکا مندانا کی نئی فلم ’مایسا‘ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ اس بار فلم کی کہانی یا اداکاروں کے بجائے اس کی ریلیز تاریخ میں ممکنہ تبدیلی نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشمیکا مندانا کی پیریڈ ایکشن تھرلر فلم ’مایسا‘ کو پہلے 27 نومبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم اب فلم ساز اس تاریخ کو تبدیل کرکے ریلیز دو ہفتے آگے بڑھانے پر غور کررہے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ’گلٹے‘ کی رپورٹ کے مطابق اگر فلم سازوں نے تاریخ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تو فلم 27 نومبر کے بجائے 11 دسمبر 2026 کو بڑے پردے پر پیش کی جاسکتی ہے۔

تاہم فلم کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے نئی تاریخ کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، اس لیے فی الحال 27 نومبر ہی فلم کی طے شدہ ریلیز تاریخ ہے۔
’
مایساکی ریلیز میں تاخیر کیوں؟

رپورٹ میں فلم کی ریلیز آگے بڑھانے کی ممکنہ وجہ بھارتی فلموں کے نئے سرٹیفکیشن ضوابط کو قرار دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق نئے رہنما اصولوں کے تحت فلم سازوں کو سینما گھروں میں نمائش کی طے شدہ تاریخ سے کم از کم دو ہفتے قبل اپنی فلم سرٹیفکیشن کے لیے جمع کرانا ضروری ہے۔

فلم کی ریلیز کے منصوبے میں ممکنہ تبدیلی کو اسی ضابطے سے جوڑا جارہا ہے، تاہم پروڈکشن ٹیم نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی۔

نیا گانا بھی ریلیز، تشہیری مہم کی تیاریاں جاری

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی ریلیز تاریخ تبدیل کرنے کی خبریں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب اس کی تشہیری مہم کے اگلے مرحلے کی تیاریاں جاری ہیں۔

فلم کا نیا گانا ’اوسے رامولما‘ بھی ریلیز کیا جاچکا ہے، جس کے بعد فلم کے حوالے سے مداحوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔

اگر ریلیز تاریخ تبدیل ہوتی ہے تو فلم کی تشہیری حکمت عملی اور دیگر پروموشنل سرگرمیوں میں بھی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

مایسا کو ایک پیریڈ ایکشن تھرلر فلم قرار دیا جارہا ہے، جس میں رشمیکا مندانا ایک مختلف اور طاقتور کردار میں نظر آئیں گی۔

رشمیکا اس سے پہلے ’پشپا‘، ’اینیمل‘ اور ’چھاوا‘ جیسی فلموں کے ذریعے شائقین کی توجہ حاصل کرچکی ہیں۔ ایسے میں ’مایسا‘ کو ان کے آنے والے اہم منصوبوں میں شمار کیا جارہا ہے۔

اب مداحوں کو فلم سازوں کے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے کہ آیا ’مایسا‘ 27 نومبر کو ہی سینما گھروں میں پہنچے گی یا اس کی ریلیز 11 دسمبر تک مؤخر کردی جائے گی۔