کوالالمپور: ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایک ایسا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے جس نے شہریوں کو حیران اور خوش کردیا ہے۔ کبھی دنیا کے آلودہ ترین دریاؤں میں شمار ہونے والے دریائے کلانگ کے کناروں پر اودبلاؤ کے چھوٹے چھوٹے گروہ نظر آنے لگے ہیں۔ یہ جانور دریا کے کنارے ریت میں کھیلتے، پانی میں تیرتے اور مچھلیاں پکڑتے دکھائی دیتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق کوالالمپور کے مختلف علاقوں میں ان جانوروں کی موجودگی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ماہرین اسے دریا کی ماحولیاتی صورتحال میں بہتری کی ایک اہم علامت قرار دے رہے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ اودبلاؤ کئی برس بعد شہر میں واپس آئے ہیں یا پہلے سے یہاں موجود تھے لیکن لوگوں کی نظروں سے اوجھل رہتے تھے۔
ملائیشیا کے ماہر ماحولیات وو چی یونگ کے مطابق دریائے کلانگ کبھی انتہائی آلودہ تھا اور اسے ملکی درجہ بندی میں کلاس 5 کا درجہ حاصل تھا، جو شدید آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔ کئی برس کی صفائی اور بحالی کی کوششوں کے بعد اس کی صورتحال بہتر ہوکر کلاس 3 تک پہنچ گئی ہے، جس کا مطلب درمیانے درجے کی آلودگی ہے۔ ماہرین کے خیال میں دریا کی حالت میں بہتری نے آبی حیات کے لیے ماحول سازگار بنایا ہے۔
وو چی یونگ کا کہنا ہے کہ جہاں اودبلاؤ موجود ہوں وہاں مچھلیاں بھی ہوتی ہیں، اور مچھلیوں کی موجودگی اس بات کی علامت ہے کہ دریا کا ماحولیاتی نظام کسی حد تک بہتر اور صحت مند ہے۔ اسی وجہ سے ان جانوروں کی واپسی کو صرف جنگلی حیات کی موجودگی نہیں بلکہ پورے ماحولیاتی نظام کی بہتری کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
ان جانوروں کی ویڈیوز گزشتہ برسوں میں سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہوچکی ہیں۔ کبھی یہ دریا کے کنارے دھوپ سینکتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی بلند میٹرو اسٹیشنوں کے قریب پانی میں تیرتے نظر آتے ہیں۔ دریا کے قریب رہنے والے ریٹائرڈ فوجی حسن اوجانگ کا کہنا ہے کہ انہیں اودبلاؤ کو بچوں کی طرح کھیلتے اور تیرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔
قدرتی مسکن کی تباہی نیا مسئلہ بن گئی
تاہم اودبلاؤ کی بڑھتی ہوئی موجودگی نے کچھ رہائشی علاقوں میں مسائل بھی پیدا کیے ہیں۔ کوالالمپور کے ایک پوش رہائشی منصوبے ٹروپیکانا گالف اینڈ کنٹری ریزورٹ میں گزشتہ ایک سال کے دوران کم از کم 12 گھروں کے مچھلیوں کے تالابوں پر ان جانوروں کے حملوں کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
رہائیشیوں کے مطابق اودبلاؤ پریشانی کا سبب ضرور بنے ہیں، لیکن انہیں قصوروار نہیں ٹھہرایا جاسکتا کیونکہ انہیں بھی زندہ رہنے کے لیے خوراک درکار ہے۔
مقامی رہائشیوں کا خیال ہے کہ قریبی جنگلات میں نئی تعمیرات کے لیے درختوں کی کٹائی کے بعد اودبلاؤ کی آمدورفت رہائشی علاقوں کی طرف بڑھی ہے۔ قدرتی مسکن محدود ہونے سے جنگلی جانور خوراک اور پناہ کی تلاش میں انسانی آبادیوں کا رخ کرسکتے ہیں۔
ملائیشین اوٹر نیٹ ورک کے شریک بانی وو چی یونگ کا کہنا ہے کہ ان جانوروں کی اصل تعداد اور نقل و حرکت کے بارے میں اب بھی بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ تنظیم شہریوں کی مدد سے ایسا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جس کے ذریعے لوگ اودبلاؤ کی موجودگی کی اطلاع دے سکیں اور ان کی تعداد و سرگرمیوں کا ریکارڈ مرتب کیا جاسکے۔
چونکہ یہ جانور ملائیشیا میں محفوظ جنگلی حیات کی فہرست میں شامل ہیں، اس لیے ماہرین نے شہریوں کو انہیں نقصان پہنچانے کے بجائے اپنے مچھلیوں کے تالاب محفوظ بنانے، باڑ لگانے اور جالیوں کے ذریعے ان کی رسائی روکنے کا مشورہ دیا ہے۔
دریا کو دوبارہ زندگی دینے کی کوششیں
کوالالمپور کی سابق میئر اور پائیدار شہری ترقی کی مشیر میمونہ محمد شریف نے اودبلاؤ کی موجودگی کو شہر کے لیے ایک قیمتی اثاثہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق کسی شہر میں ایسے جانوروں کی موجودگی اس کے ماحولیاتی معیار اور صفائی کا اہم پیمانہ ہوسکتی ہے۔
دریائے کلانگ کی بحالی کے لیے حکومت کے ریور آف لائف منصوبے کے تحت سیکڑوں کچرا جمع کرنے والے جال نصب کیے گئے، جبکہ ایک ڈچ غیر سرکاری تنظیم نے شمسی توانائی سے چلنے والے خصوصی آلات بھی لگائے، جنہوں نے دریا سے ہزاروں ٹن کچرا جمع کیا۔
ماہرین اور ماحول دوست تنظیموں کا کہنا ہے کہ صرف دریا سے کچرا نکالنا کافی نہیں بلکہ اس میں مزید فضلہ داخل ہونے سے روکنا بھی ضروری ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ دریائے کلانگ کو مزید صاف کرکے کلاس 2بی کے معیار تک پہنچایا جائے، جہاں پانی سے جسمانی رابطہ ممکن ہوسکے۔
ماحولیاتی ماہرین اور مقامی کارکنوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ دریا کے کناروں کو ہر جگہ کنکریٹ سے ڈھانپنے کے بجائے قدرتی حالت میں بحال کیا جائے تاکہ آبی جانوروں کو چھپنے، رہنے اور افزائش کے لیے مناسب جگہ میسر آسکے۔
یوں کوالالمپور میں اودبلاؤ کی موجودگی صرف ایک دلچسپ منظر نہیں بلکہ یہ امید بھی پیدا کررہی ہے کہ برسوں کی آلودگی کے بعد دریا دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ سکتا ہے۔


