مس یونیورس 2026مقابلے میں پاکستانی حسینہ کامنفرد انداز توجہ کا مرکز

سان خوان : مس یونیورس پاکستان مصباح ارشد نے مس یونیورس 2026ء کے مقابلے میں منفرد لباس کے ذریعے پاکستان کی ثقافت اور جنگلی حیات کے ورثے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے قومی جانور مارخور سے متاثر خصوصی لباس زیب تن کیا، جس نے مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کو ایک منفرد پہچان دی۔

پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں منعقد ہونے والے 75ویں مس یونیورس مقابلے کے دوران مصباح ارشد کا لباس توجہ کا مرکز بن گیا۔

لباس کا ڈیزائن پاکستان کے قومی جانور مارخور کی جسمانی ساخت اور اس کے بل کھاتے ہوئے منفرد سینگوں سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔

مارخور پاکستان کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں پایا جانے والا جنگلی جانور ہے۔ اپنے مخصوص خم دار سینگوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں رہنے کی صلاحیت کے باعث یہ دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ اسے پاکستان کی جنگلی حیات اور قومی شناخت کی اہم علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔

مصباح ارشد کے لباس کا مقصد صرف منفرد فیشن پیش کرنا نہیں تھا بلکہ اس کے ذریعے دنیا کو پاکستان کے قدرتی حسن، پہاڑی علاقوں اور جنگلی حیات کے بارے میں بھی آگاہ کرنا تھا۔ اس انداز میں انہوں نے عالمی مقابلے کے اسٹیج پر پاکستانی ثقافت اور قومی ورثے کی نمائندگی کی۔

پاکستانی ماڈل کے اس لباس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں، جہاں صارفین کی جانب سے اس کے ڈیزائن اور مارخور سے متاثر تخلیقی انداز کو سراہا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 75ویں مس یونیورس مقابلے میں 100 سے زائد ممالک اور خطوں کی نمائندہ امیدوار شریک ہیں۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق مقابلے کا گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو میں منعقد ہونا ہے۔