اسلام آباد: پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا استثنیٰ کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرنے کے لیے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ پاؤلو رانجل نے پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک نے سفارتی روابط، پارلیمانی تبادلوں اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ تجارتی کمیشن کے قیام پر بھی پیش رفت ہوئی۔
واضح رہے کہ ویزا استثنیٰ کا یہ معاہدہ صرف سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ہے۔ عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو پرتگال جانے کے لیے متعلقہ ویزا قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔


