ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ کی سنی دیول کے بیٹے سے شادی؟ حقیقت سامنے آگئی

ممبئی: بھارتی کرکٹ اور فلمی دنیا کی دو معروف شخصیات کے خاندانوں کو جوڑنے والی شادی کی خبر سوشل میڈیا پر خوب گردش کرتی رہی، لیکن اب اس کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر اور اداکار سنی دیول کے بیٹے راج ویر دیول کی شادی سے متعلق تمام دعوے بے بنیاد قرار دے دیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر سب سے پہلے یہ افواہ سامنے آئی کہ سارہ ٹنڈولکر اور راج ویر دیول 2027 میں شادی کرنے والے ہیں۔ بعد ازاں یہ خبر دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی پھیل گئی اور دونوں خاندانوں کے درمیان ممکنہ رشتے کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

یہاں تک دعوے کیے گئے کہ راج ویر دیول نے سارہ کے لیے مہنگے تحائف بھی بھیجنا شروع کردیے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی کوئی مستند تصدیق سامنے نہیں آئی۔

سارہ اور راج ویر کی کبھی ملاقات ہی نہیں ہوئی؟

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے سارہ ٹنڈولکر کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دونوں نے کبھی ایک دوسرے سے ملاقات تک نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق سارہ غیر شادی شدہ ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات پر توجہ دے رہی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ شادی سے متعلق افواہیں بے بنیاد اور پریشان کن ہیں، جبکہ سارہ ان قیاس آرائیوں پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کرنا چاہتیں اور خاموشی و وقار برقرار رکھنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔

سارہ ٹنڈولکر کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق بھی بات کرچکی ہیں۔ انہوں نے اپنے بھائی ارجن ٹنڈولکر کی شادی کو اپنے لیے ایک تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے انہیں اندازہ ہوا کہ وہ اپنی زندگی کے ساتھی میں کیا خصوصیات چاہتی ہیں اور کن چیزوں کو پسند نہیں کریں گی۔