ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار متھن چکرورتی کے اعزازات میں ایک اور بڑا اعزاز شامل ہونے جارہا ہے۔ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے تک بنگالی اور ہندی سنیما میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے متھن چکرورتی کو برمن یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹر آف لٹریچر (ڈی لٹ) کی ڈگری سے نوازا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی کا 40 واں کانووکیشن 9 دسمبر کو منعقد ہوگا، جس میں متھن چکرورتی کو فلمی دنیا میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جائے گا۔ تقریب یونیورسٹی کے گولاپ باغ کیمپس میں واقع آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق متھن چکرورتی کو اعزازی ڈگری دینے کی تجویز یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں پیش کی گئی تھی، جس کے بعد منظوری کے لیے یونیورسٹی کے چانسلر اور گورنر آر این روی کو بھیجی گئی۔ گورنر نے اس تجویز کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کی تصدیق 17 نومبر کو گورنر سیکریٹریٹ کی جانب سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شنکر کمار ناتھ کو ارسال کردہ خط میں کی گئی۔
متھن چکرورتی نے اپنے طویل فلمی کیریئر میں بنگالی اور ہندی سنیما میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی اداکاری، منفرد انداز اور رقص نے انہیں بھارتی فلمی دنیا کی مقبول شخصیات میں شامل کیا۔
ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2024 میں بھارت کے اعلیٰ شہری اعزازات میں شامل پدم بھوشن اور فلمی دنیا کا معتبر دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا جاچکا ہے۔
اب برمن یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈی لٹ کی ڈگری ان کے طویل فلمی سفر میں ایک اور اہم اعزاز کا اضافہ ہوگی۔


