نئی تاریخ رقم: پاکستان کا پہلا خلاباز خلا میں پہنچ گیا

جیوچھوان / اسلام آباد: پاکستان کی خلائی تاریخ میں نیا باب رقم ہوگیا۔ پاکستان کے پہلے باقاعدہ تربیت یافتہ خلاباز محمد ذیشان علی بدھ 25 نومبر 2026 کو چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں پہنچ گئے اور چینی خلائی اسٹیشن تیان گونگ سے جڑ گئے۔

لانگ مارچ 2 ایف راکٹ نے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ، پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے اڑان بھری۔ روانگی کے تقریباً 10 منٹ بعد خلائی جہاز راکٹ سے الگ ہوکر اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوگیا۔

چین کی خلائی ایجنسی سی ایم ایس اے کے مطابق شین ژو 24 نے اڑان کے 3 گھنٹے 38 منٹ بعد تیان گونگ اسٹیشن سے کامیابی سے ڈاکنگ کرلی۔ اس طرح ذیشان علی پہلے پاکستانی اور تیان گونگ اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے۔

عملہ کون ہے؟

مشن کے کمانڈر چین کے تانگ ہونگ بو ہیں، وو یی مشن پائلٹ ہیں اور محمد ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ ہیں۔

ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلا میں رہیں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق وہ 5 سے 10 دن اسٹیشن پر قیام کریں گے۔

خلا میں کیا تجربات ہوں گے؟

سپارکو کے مطابق ذیشان علی مدار میں سائنسی تجربات کریں گے، جن میں مستقبل کے خلائی مشنوں کے لیے خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذریعے کے طور پر مائیکرو الجی کی کاشت اور خلا کے اثرات جانچنے کے لیے کوئنو کے بیجوں پر تجربہ شامل ہے۔

سی ایم ایس اے کے مطابق پورے مشن میں تقریباً 90 تجربات کیے جائیں گے۔ مشن کے مقاصد میں شین ژو 23 کے عملے کے ساتھ تبدیلی، اسٹیشن کی معمول کی دیکھ بھال اور خلائی سائنسی تحقیق جاری رکھنا شامل ہے۔

انتخاب کیسے ہوا؟

فروری 2025 میں سپارکو اور سی ایم ایس اےکے درمیان تعاون کے معاہدے کے تحت دو پاکستانیوں کو چین میں تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ اپریل میں ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت کے لیے چنا گیا، اور آخرکار ذیشان علی کو مشن کے لیے منتخب کیا گیا۔

انہوں نے بیجنگ میں سات ماہ تربیت حاصل کی، جس دوران چینی زبان کی گہری کلاسیں لیں، چینی گانے سیکھے، چینی شاعری پڑھی، خطاطی کی مشق کی اور ٹیبل ٹینس کھیلا۔

ذیشان علی کا پیغام

لانچ سے ایک روز قبل پریس بریفنگ میں ذیشان علی نے کہا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا: کہ یہ مشن اختتامی لکیر نہیں، یہ لانچ پیڈ ہے۔ امید ہے پاک چین خلائی تعاون کا اگلا باب ایک خلاباز، ایک پرواز سے بڑھ کر متعدد مشترکہ پروازوں، چاند، مریخ اور اس سے آگے تک جائے گا۔

انہوں نے پاکستانی بچوں سے کہا کہ جو مجھے مدار میں دیکھ رہا ہے، وہ بس آسمان کی طرف دیکھے اور یاد رکھے کہ میں وہاں تمہارے خوابوں کے ساتھ ہوں۔

پاکستان اور چین کا ردعمل

پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے، جو چین میں موجود تھے، لانچ کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ شین ژو 24 کے ساتھ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسے پاکستان اور چین کی شراکت داری میں اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ مشن نوجوانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف راغب کرے گا۔

صدر آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ نے بھی خطوط کا تبادلہ کیا اور ایک دوسرے کو تاریخی سنگ میل پر مبارکباد دی۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کو پہلے غیر ملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کرنا چین کے اعتماد کا ثبوت ہے۔

تیان گونگ اسٹیشن کیا ہے؟

تیان گونگ چینی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی آسمانی محل ہیں، خلا میں یہ چینی اسٹیشن 2022 کے آخر سے مکمل طور پر فعال ہے۔ عملے کی تبدیلی کے دوران یہ بیک وقت چھ خلابازوں کی میزبانی کرسکتا ہے۔ چین 2030 سے پہلے چاند پر خلاباز اتارنے کا ہدف رکھتا ہے۔