ممبئی: ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ جیسمین بھسین نے پلاسٹک سرجری کرانے کے الزامات پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔ اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر طویل نوٹ شیئر کرکے ٹرولرز کو کرارا جواب دیا اور تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔
جیسمین بھسین سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے بوائے فرینڈ علی گونی کے ساتھ کچھ تصاویر پوسٹ کی تھیں۔ ان تصاویر میں صارفین نے ان کے چہرے میں تبدیلی محسوس کی، جس کے بعد کئی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے کاسمیٹک سرجری کرائی ہے۔
انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیے گئے نوٹ میں جیسمین نے ٹرولنگ پر ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ میک اپ، وزن میں تبدیلی اور روزمرہ کی کئی چیزیں ان کے چہرے کے لک پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ ان کا چہرہ کوئی ایسا فلٹر نہیں ہے جو ہر وقت ایک جیسا دکھائی دے۔
اپنے نوٹ میں جیسمین نے لکھا کہ جب بھی میرا چہرہ تھوڑا مختلف نظر آتا ہے، لوگوں کو لگتا ہے کہ میں نے نئی پلاسٹک سرجری کرا لی ہے۔ دوستوں ، تھوڑا آرام کرو۔ میں سفر کرتی ہوں، میری نیند پوری نہیں ہوتی، میں مختلف میک اپ آرٹسٹ کے ساتھ کام کرتی ہوں، میرا سائنس سوج جاتا ہے، میں تھک جاتی ہوں، میں نے اسٹرینتھ ٹریننگ شروع کی ہے اور میرا وزن بھی بڑھا ہے۔میرا چہرہ ہر دن بدلنا فطری ہے۔ میں خون، پٹھوں اور ہڈیوں سے بنی ہوں۔
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے جیسمین نے لکھا کہ پلاسٹک سرجری کروانے کے لیے بھی وقت چاہیے!۔ مجھے مختلف دنوں میں مختلف دکھنے کا حق ہے۔ اور سچ کہوں تو مجھے اپنا چہرہ پسند ہے۔ مجھے اپنا جسم پسند ہے۔ میں خود سے پیار کرتی ہوں۔ خوش رہنے کے لیے مجھے ہر دن پرفیکٹ دکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے مہربانی کرکے مجھے ایک انسان کی طرح جینے دو۔
جیسمین بھسین کے اس جواب کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں نے ان کی حمایت کی ہے اور ٹرولنگ کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔


