ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ایک بار پھر اپنے ہر کردار میں جان ڈالنے کے مشن پر نکل پڑے ہیں۔ وہ جلد ہی ہدایت کار آشوتوش گواریکر کی آنے والی اسپورٹس ڈراما فلم ‘للکارا’ میں نظر آئیں گے۔ فلم کی شوٹنگ جنوری 2027 میں شروع ہوگی، لیکن اس سے پہلے ہی عامر خان نے سخت ٹریننگ شروع کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق للکارا کی کہانی سال 1952 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلی گئی پہلی تاریخی ٹیسٹ سیریز پر مبنی ہے۔ یہ سیریز 1947 کی تقسیم کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی کرکٹ سیریز تھی۔
فلم میں عامر خان بھارتی کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان لالا امرناتھ کا کردار نبھا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اپنے کردار میں مکمل طور پر ڈھلنے کے لیے عامر خان نہ صرف کرکٹ کی باریکیاں سیکھ رہے ہیں، بلکہ فزیکل ٹریننگ بھی لے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈائٹیشن کی صلاح پر سخت ویجیٹیرین ڈائٹ بھی شروع کردی ہے۔
آشوتوش گواریکر اور ان کی ٹیم نے اداکاروں کے ساتھ لک ٹیسٹ بھی مکمل کرلیا ہے، جس میں عامر خان لالا امرناتھ کے اوتار میں بالکل فٹ نظر آرہے ہیں۔
فلم کی تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے عامر خان نے اپنی ذاتی زندگی میں بھی بڑا بدلاؤ کیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ وہ اپنی پارٹنر گوری اسپرٹ کے ساتھ ممبئی کے پالی ہل سے شفٹ ہوکر کولابا کے نئے گھر میں منتقل ہوگئے ہیں۔
وجہ یہ ہے کہ کولابا اس لوکیشن کے کافی قریب ہے، جہاں فلم کی ٹریننگ اور شوٹنگ کا بڑا حصہ مکمل کیا جانا ہے۔ عامر چاہتے ہیں کہ ان کا آنے جانے کا وقت بچے اور وہ پورا دھیان صرف اپنے کردار کی تیاری پر لگا سکیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم میں عامر خان کے ساتھ وکرانت میسی، جتیندر کمار اور دھیریا کروا بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
جنوری 2027 کو فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے نومبر اور دسمبر 2026 تک ٹریننگ جاری رہنے کی امید ہے۔
یہ تاریخ عامر خان اور گواریکر کے لیے بے حد خاص ہے، کیونکہ ان کی یادگار فلم ‘لگان’ کی شوٹنگ بھی 4 جنوری 2000 کو ہی شروع ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق فلم دسمبر 2027 میں ریلیز ہوسکتی ہے، جو 1952 کی تاریخی سیریز کی 75 ویں سالگرہ کے قریب ہوگی۔


