کراچی: دنیا بھر میں پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ کے بعض پرانے ورژنز میں سکیورٹی کی سنگین خامیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد سائبر سکیورٹی اداروں نے صارفین کو فوری طور پر ایپ اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
سائبر سکیورٹی ماہرین نے واٹس ایپ کی مختلف سکیورٹی خامیوں سے متعلق ہائی سیویئرٹی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس وارننگ میں اینڈرائیڈ، آئی فون، ونڈوز اور میک کمپیوٹرز پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کو محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔
پاکستان کا نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) بھی 23 نومبر کو واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے مختلف ورژنز میں پانچ سکیورٹی خامیوں سے متعلق الگ ایڈوائزری جاری کرچکا ہے۔ جس میں انفرادی صارفین اور سرکاری و نجی اداروں کو فوری اپ ڈیٹس انسٹال کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
واٹس ایپ کی خامیاں
واٹس ایپ کے بعض پرانے ورژنز میں اٹیچمنٹ اسپوفنگ، ایس کیو ایل انجیکشن، سکیورٹی سرٹیفکیٹس کی جانچ میں خرابی اور مخصوص لنکس و اے آئی سے متعلق پیغامات کی نامکمل جانچ جیسی خامیاں سامنے آئی ہیں۔
ان کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر حملہ آور خصوصی طور پر تیار کیے گئے پیغامات، فائلز یا لنکس کے ذریعے متاثرہ ڈیوائس کو نشانہ بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
ان خامیوں کے ممکنہ نتائج میں واٹس ایپ کی مقامی طور پر محفوظ فائلز کا حذف ہونا، چیٹ ڈیٹا بیس سے محدود معلومات کا افشا ہونا، ڈیوائس کے آئی پی ایڈریس کا سامنے آنا اور نقصان دہ فائل کے ذریعے کوڈ چلنے کا خطرہ شامل ہے۔
یہ سکیورٹی الرٹ صرف موبائل فون تک محدود نہیں بلکہ مختلف آپریٹنگ سسٹمز پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں سے متعلق ہے۔
اینڈرائیڈ واٹس ایپ کے 2.26.35.74 اور 2.26.17.4 سے پرانے ورژنز جب کہ آئی فون واٹس ایپ کے 2.26.24.72 اور 2.26.15.72 ، اینڈرائیڈ واٹس ایپ بزنس کے 2.26.23.70 اور 2.26.17.4 سے پرانے اور آئی فون واٹس ایپ بزنس: ورژن 2.26.23.72 سے پرانے ورژنز کے علاوہ ونڈوز واٹس ایپ کے 2.3000.1032164386.258709 اور میک ڈیسک ٹاپ واٹس ایپ کے 2.26.23.72 سے پرانے ورژنز نشانہ بن سکتے ہیں۔
ایک میسیج سے ڈیٹا چوری
اس حوالے سے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ تمام سکیورٹی خامیاں ایک جیسی نہیں اور ہر حملے کے لیے ایک ہی طریقہ کار استعمال نہیں ہوتا۔
بعض خامیوں کا فائدہ اٹھانے کے لیے صارف کو مخصوص پیغام، لنک یا اٹیچمنٹ کھولنا پڑسکتا ہے۔ مثال کے طور پر ونڈوز واٹس ایپ میں ایک ایسی خامی سامنے آئی جس کے ذریعے نقصان دہ فائل کو بظاہر عام دستاویز کے طور پر دکھایا جاسکتا تھا۔ اگر صارف اسے کھول لے تو خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
اسی طرح بعض مخصوص پیغامات اور لنکس کے ذریعے ڈیوائس کی معلومات سامنے آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
تاہم واٹس ایپ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق پانچ میں سے چار خامیوں کے حقیقی دنیا میں استعمال ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، جبکہ ایک خامی کو مخصوص اسپیم پیغامات کے ساتھ استعمال کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پاکستانی واٹس ایپ صارفین
پاکستان میں بھی لاکھوں افراد ذاتی گفتگو، کاروباری رابطوں، آن لائن خریداری اور دفتری امور کے لیے واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں۔
نیشنل سرٹ نے اپنی ایڈوائزری میں واضح کیا ہے کہ یہ خامیاں اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ پر استعمال ہونے والے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کو متاثر کرسکتی ہیں۔
اس لیے پاکستانی صارفین کو بھی اپنے فون اور کمپیوٹر میں نصب ایپلی کیشن کا ورژن چیک کرنا چاہیے۔ یہ مسئلہ کسی ایک ملک تک محدود نہیں بلکہ متاثرہ پرانے ورژنز استعمال کرنے والے دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعلقہ ہے۔
سائبر سکیورٹی اداروں کی ہدایات اور بنیادی ڈیجیٹل حفاظتی اقدامات کے مطابق صارفین گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن انسٹال کریں۔ غیر سرکاری ویب سائٹس سے واٹس ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کریں۔ نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والی مشکوک فائلز اور لنکس نہ کھولیں۔ مشکوک اکاؤنٹس کو بلاک اور رپورٹ کریں۔
آٹو ڈاؤن لوڈ بند کریں
اینڈرائیڈ صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اسٹوریج اینڈ ڈیٹا کے آپشن سے میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ کی ترتیب تبدیل کرسکتے ہیں۔
اسی طرح آئی فون صارفین بھی سیٹنگز میں جا کر اسٹوریج اینڈ ڈیٹا کے ذریعے تصاویر، آڈیو، ویڈیوز اور دستاویزات کے خودکار ڈاؤن لوڈ کو محدود یا بند کرسکتے ہیں۔
اہم بات
واٹس ایپ کی سکیورٹی خامیوں کا مطلب یہ نہیں کہ ہر صارف کا ڈیٹا چوری ہوچکا ہے۔ اصل خطرہ ان صارفین کو ہے جو متاثرہ پرانے ورژنز استعمال کررہے ہیں اور بروقت سکیورٹی اپ ڈیٹ انسٹال نہیں کرتے۔
لہٰذا بہتر یہی ہے کہ اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر میں واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ رکھیں اور نامعلوم ذرائع سے آنے والے پیغامات، لنکس اور فائلز کے معاملے میں احتیاط کریں۔


