فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان اپنے پہلے میچ مین ہی ناکام ہوگئے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے ہرا دیا۔
آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 180 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ڈیوون کونوے آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد ن ایلن نے جارحانہ بیٹنگ کی اور شاہین ہی کے دوسرے اوور میں 24 رنز بٹورے۔ 15 گیندوں پر 34 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے پاکستانی بولرز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 40 گیندوں پر 78 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران پاکستانی فیلڈرز نے کین ولیمسن کے دو کیچ ڈراپ کئے۔
کیوی کپتان نے 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 57 رنز بنائے جس کے بعد وہ عباس آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کین ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور چوتھی وکٹ کے لیے 20 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت قائم کی۔
گلین فلپس 19 کے انفرادی سکور پر عباس آفریدی کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔ ڈیرل مچل کو 61 رنز پر شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 183 رنز تھا۔
نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 19 ویں اوور میں 211 رنز پر گری، ایڈم ملن کو شاہین آفریدی نے 10 رنز پر آؤٹ کیا۔پاکستان کے لیے ساتویں وکٹ حارث رؤف نے 19.2 اوورز میں 212 رنز پر حاصل کی، انہوں نے اش سودھی کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کیا۔
نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ آخری اوور میں 220 رنز پر گری، مارک چیپمین کو 26 رنز پر حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری صفر اور ٹم ساؤتھی 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور پوری ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 226 رنز بنائے۔
پاکستان ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل پائی
نیوزی لینڈ کے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے صائم ایوب اور محمد رضوان کی جوڑی نے اچھا آغاز فراہم کیا۔ صائم ایوب 8 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوگئے۔ 63 رنز پر رضوان بھی آؤٹ ہوگئے ۔ انہوں نے 25 رنز بنائے۔
بابر اعظم کا ساتھ نبھانے فخر زمان میدان میں اترے لیکن انہیں بھی واپس جانے کی جلدی تھی۔ وہ 10 گیندوں پر 5 رنز بناکر واپس لوٹ گئے۔ ابھی پاکستان کا اسکور 130 رنز ہی ہوا تھا کہ افتخار احمد بھی چلتے بنے۔ وہ 24 رنز بناسکے۔
پاکستان کی پانچویں اور چھٹی وکٹ سولہویں اوور میں 159 رنز پر گر گئی، اعظم خان 10 رنز بنائے جب کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ 16.2 اوورز میں 173 رنز پر گری جب بابر اعظم 57 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلی وکٹ بھی اسی اوور میں 177 رنز پر گر گئی۔ اسامہ میر ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی نویں وکٹ 17.4 اوورز میں 180 رنز پر گری، عباس آفریدی ایک رن بنا کر واپس پویلین گئے جس کے بعد اسی اوور میں آخری وکٹ بھی 180 رنز پر گر گئی۔ حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے۔عامر جمال ناٹ آؤٹ رہے۔