مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ زمانہ واپس لائیں گے جب روٹی 4 روپے کی تھی۔
فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ طلال چوہدری وفاداری کی ایک مثال ہے، اور رانا ثناءاللہ تو پھر رانا ثناءاللہ ہے ، رانا ثناءاللہ نوازشریف کا وفادار ساتھی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ممی ڈیڈی والے نہیں، اصل نوجوان تو مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں، ہمارے مخالفین جب دھرنے کررہے تھے تب ہم دہشت گردی ختم کررہے تھے، آگے پیچھے میٹرو بس، اورنج لائن بن رہی تھی، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو مجمع میں موجود کوئی بے روزگارنہیں ہوتا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کہتے تھے 1 کروڑ نوکریاں لائیں گے کیا کسی کو 1 نوکری بھی ملی؟ ہم ایک کروڑ نوکریوں اور بلین ٹری والے لوگ نہیں ہیں ہم تو جو بات کرتے ہیں اللہ کے فضل سے وہ بات پوری کرتے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ انشاءاللہ ہم وہ زمانہ واپس لائیں گے جب روٹی 4 روپے کی تھی، چینی 50 روپے کلو تھی ،پیٹرول 65 روپے لٹر تھا اور سبزیاں 10،10 روپے کلو تھیں۔ سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا، غریب کو بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنے کی فکر نہیں تھی۔











