ٹیرف جنگ مزید شدید: چین اور یورپی یونین کا جوابی اعلان

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چھیڑی گئی عالمی ٹیرف جنگ نے شدت اختیار کرلی ہے۔ چین اور یورپی یونین نے امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف لگادیا ہے۔

امریکی صدر نے دنیا بھر کی مصنوعات پر ٹیرف کااعلان کیا تو جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر ٹیرف لگادیا۔

چین کے اس اقدام پر ٹرمپ نے ٹیرف کی شرح کو 104 فیصد کردیا۔ جس پر چیین نے امریکی درآمدی مصنوعات پر درآمدی محصولات کی شرح 84 فیصد کردی ہے۔

چینی وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ’مستحکم اور مضبوط‘ اقدامات کرے گا۔ امریکہ سے درآمدات پر ’اضافی محصولات‘ کی شرح 34 فیصد سے بڑھا کر 84 فیصد کر دی جائے گی اور اس کا نفاذ جمعرات سے ہو گا۔

چینی وزارت نے مزید کہا کہ امریکا کا چین کے خلاف محصولات کا اضافہ بیجنگ کے جائز حقوق اور مفادات کی سنگین خلاف ورزی اور محض غلطیوں کو مزید بڑھانا ہے۔

بیجنگ کے بعد یورپی یونین نے بھی امریکی مصنوعات پر 20 ارب یوروز کی مالیت کے ٹیرف عائد کردیئے ہیں۔

یورپی کمیشن نے کہا کہ یورپی یونین امریکا کی محصولات کی پالیسی کو بلا جواز اور نقصان دہ سمجھتی ہے ۔ امریکا منصفانہ اور متوازن مذاکراتی تصفیے پر رضا مند ہو جائے تو یہ جوابی اقدامات کسی بھی وقت معطل کیے جا سکتے ہیں ۔