اہم ترین

پی ایس ایل 10 ٹیم آف دی ٹورنامنٹ: شاہین کپتان لیکن بابر ، رضوان کی جگہ نہیں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کا کپتان شاہین آفریدی کو مقرر کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 10 کا انعقاد 11 اپریل سے 25 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوا۔

گزشتہ روز فائنل میں لاہور قلندرز نے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دےکر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریس ریلیز میں ٹیم کا اعلان کیا اور کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب ٹورنامنٹ کے کمنٹیٹرز کی جانب سے کیا گیا ہے۔

شاہین آفریدی کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔ لاہور قلندرز کے سکندر رضا اور فخر زمان بھی ڈریم ٹیم میں شامل ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز، فہیم اشرف اور ابرار احمد کوبھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر، اوپننگ پارٹنر جیمز ونس اور فاسٹ بولر حسن علی کو بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ صاحبزادہ فرحان اسلام آباد یونائیٹڈ کے واحد کھلاڑی ہیں جو ٹیم مٰں جگہ بناپائے ہیں۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر علی رضا بھی شامل ہیں۔ کراچی کے خوشدل شاہ کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس ٹیم میں پاکستان کے بڑے ناموں میں سے ایک محمد رضوان، نسیم شاہ اور بابر اعظم شامل نہیں ہیں۔

پاکستان