اہم ترین

تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کیا جائے گا: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب کہتے ہیں کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم اور ان کے لیے ٹیکس جمع کرانے کا عمل آسان بنایا جائے گا۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہی ہے اور اس کی رفتار پر حیران ہے۔ قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ کم ہونے کی توقع ہے۔ شرح سود میں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔اگلے سال ڈیٹ مینیجمنٹ نظام کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔

وزیر خزانہ نےکہا کہ ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ حکومت طویل مدتی اصلاحاتی پروگرام کے لیے پرعزم ہے۔ٹیکس نظام اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ بینک میں آتے ہی ٹیکس کٹ جاتا ہے۔ تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کیا جائے گا۔ تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس جمع کرانے کا عمل آسان بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس کےعلاوہ پنشن اصلاحات پر بھی کام ہو رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نےکہا کہ ایف بی آر میں ڈیجٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ ادارے میں انسانی مداخلت کم ہونے سے شفافیت آئے گی۔

پاکستان