اہم ترین

عمران خان کی اسپتال منتقلی کے خلاف حکومتی درخواست اعتراض لگاکرواپس

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد کے نجی ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی۔

رجسٹرار آفس کے اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی درخواست کے ساتھ جمع کرایا گیا فائل ورک نامکمل تھا۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے چیف کمشنر کے ذریعے بدھ کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں عدالت سے عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 18 اگست کو حکم دیا تھا کہ عمران خان کو علاج کی غرض سے دو روز کے اندر اسلام آباد کے نجی ہسپتال منتقل کیا جائے۔

سپریم کورٹ کی ڈائری برانچ کے ایک اہلکار کے مطابق وفاقی حکومت کی نظرثانی درخواست کو ڈائری نمبر جاری ہو چکا ہے، اس لیے درخواست گزار اسے اپنی جانب سے واپس نہیں لے سکتا۔

دوسری جانب عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کے تعاون سے اس منزل کی سکیورٹی کلیئرنس اور اسکیننگ بھی مکمل کر لی گئی ہے جہاں عمران خان کو زیرِ علاج رکھا جائے گا۔

پاکستان